سرمایہ کاروں کو صنعتیں لگانے کیلئے مراعات دینگے: وزیر صنعت سندھ 

    سرمایہ کاروں کو صنعتیں لگانے کیلئے مراعات دینگے: وزیر صنعت سندھ 

  

کراچی (اے پی پی) صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور کوآپریٹو محکمہ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ حکومت سندھ صنعتکاروں کو صوبے میں صنعتوں کے قیام کے لئے مراعات فراہم کرے گی اور بہت جلد اس سلسلے میں چیمبر آف کامرس اور صنعتکاروں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کی جائیں گی۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے سندھ سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے دفتر میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایم ڈی ایس ایس آئی سی ڈاکٹر ثروت فہیم، چیف انجینئر محمد عاطف غیاث، ڈائریکٹر ایڈمن ڈاکٹر راشدہ حفیظ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر ثروت فہیم نے بتایا کہ سندھ میں 22  صنعتی اسٹیٹ ہیں، جن میں تقریباً 3 ہزار 500 پلاٹ ہیں، ان میں سے412 پلاٹ ابھی الاٹ کئے جانے ہیں۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے ہدایت کی کہ صنعتکاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ وہ صوبے میں نئی انڈسٹریز خاص طور پر زراعت، سنگ مرمر، پلاسٹک پائپ تیار کرنے والے صنعتی یونٹوں کو قائم کریں۔  انہوں نے بعض صنعتی اسٹیٹس میں امن و امان کی صورتحال کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے مقامی پولیس سے تعاون کرنے اور ریونیو بڑھانے کے لئے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔  جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ وقت پر تنخواہ دینے کے لئے بھی اقدامات کئے جانے چاہئیں تاکہ ملازمین دل جمعی کے ساتھ کام کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بائیو میٹرک سسٹم کو بھی سختی سے نافذ کیا جانا چاہئے تاکہ ملازمین کی باقاعدگی اور وقت کی پابندی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔

 انہوں نے صنعتوں کے فروغ کے لئے آگہی سیمینارز کا اہتمام کرنے کی تجویز پیش کی تاکہ جو افراد نیا کاروبار شروع کرنا چاہتے ہیں ان کی رہنمائی کی جا سکے۔ انہوں نے ایسے صنعتی پلاٹوں کی الاٹمنٹ منسوخ کرنے کی ہدایت کی جنہیں ابھی تک استعمال نہیں کیا گیا ہے اور ایک خاص مدت سے خالی پڑے ہیں۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے اس تجویز پر اتفاق کیا کہ صنعت کاروں کی حوصلہ افزائی کے لئے انہیں قسطوں میں ان کے واجبات اور سہولیات جمع کروانے کی سہولت دی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں چھوٹی صنعتوں کے فروغ کے لئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں۔

مزید :

کامرس -