روشن مستقبل کے لیے مضبو ط بنیاد رکھنا ہو گی: فہیم الرحمن سہگل
لاہور(لیڈی رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس کے نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا ہے کہ پاکستان کی کل آبادی کا 65فیصد سے زائد نوجوانوں پر مشتمل ہے، حکومت کو ملک کی معاشی ترقی کے فروغ میں اس قیمتی اثاثے کواستعمال کرنا چاہیے۔ روشن مستقبل کے لیے آج ہی مضبوط بنیاد رکھنا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان یوتھ کمیونٹی کی جاب سے منعقدہ سیمینار 'پاکستان 2050میں 'سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان یوتھ کمیونٹی کے صدر احمد تیمور سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے بھی خطاب کیا۔فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں کے لئے مواقعوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت ہے،اس سے انہیں ملکی معیشت کی ترقی و خوشحالی کیلئے ڈرائیونگ فورس کے طور پر کام میں لایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں نوجوانوں کی بڑی تعداد روز گار کی تلاش یا بہتر روزگا ر کے مواقعوں کے حصول میں بیرون ملک چلی جاتی ہے،جو ملکی معیشت کیلئے نقصان کا باعث بن رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 1990سے بیرون ملک ملازمت کرنے والو ں کی تعداد میں 60فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسا ترقی پذیر ملک اتنی بڑی تعداد میں افرادی قوت کی کمی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ ایسے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے جو انسانی وسائل کو بیرون ملک جانے پر مجبور کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وسائل کی کمی، بے روزگاری اور بڑھتی ہوئی آبادی جیسے مسائل افرادی قوت کے نقصان کی اہم وجہ ہیں۔ اس کے ساتھ ہی تعلیمی و مالی وسائل کی کمی، سیاسی کشمکش، صحت و تعلیم کی سہولیات کا فقدان اور اعلیٰ تعلیم کے مراکز کی کمی جیسے مسائل اس میں مزید اضافہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے تعلیمی اداروں اور صنعتوں کے آپس میں روابط کے استحکام کی اہمیت پر زور یتے ہوئے کہا کہ اس سے صنعتوں کے لئے موزوں افرادی قوت کی فراہمی میں مدد ملے گی۔
انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ پاور، کان کنی، مینوفیکچرنگ اور سروس انڈسٹری میں روز گار کے نئے مواقع پیدا کرے۔ زراعت میں ویلیو ایڈیشن پر توجہ دے،پروسیسڈ اور سیمی پروسیسڈ زرعی انڈسٹری میں نئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جاسکتے ہیں۔