ترقی کرنیوالے ملکوں نے تعلیمی نظام میں ریسرچ کو بنیادی اہمیت دی، ڈاکٹر حسین محی الدین

ترقی کرنیوالے ملکوں نے تعلیمی نظام میں ریسرچ کو بنیادی اہمیت دی، ڈاکٹر حسین ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(پ ر)ڈپٹی چیئرمین بورڈآف گورنرز منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ عصر حاضر میں جن ممالک نے ترقی کی منازل طے کیں ان ممالک کے تعلیمی نظام میں ریسرچ کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔تحقیق کے بغیر تعلیم کا حصول بے معنی ہے۔ماضی میں مسلم سائنسدانوں کی تحقیق کی بدولت سائنس میں ایسی ایجادات ہوئیں جن سے آج بھی بنی نوع انسان فائدہ اٹھا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایڈمیشن ایڈوائزری کمیٹی منہاج یونیورسٹی کے اجلاس میں مختلف تعلیمی شعبہ جات کے سربراہان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلبہ کو عصر حاضر کے جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنا ہمارا مشن ہے۔یہی وجہ ہے کہ یونیورسٹی کے تمام تعلیمی شعبہ جات میں کوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ریسرچ کو فروغ دیا جارہا ہے۔


اور اس ضمن میں ہر شعبے کے لئے الگ سٹیٹ آف دی آرٹ تجربہ گاہیں بنائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نجی تعلیمی سیکٹر میں پہلی بار طلبہ منہاج یونیورسٹی کا پراسپکٹس گھر بیٹھے آن لائن آرڈر کے ذریعے بھی حاصل کر سکتے ہیں۔پراسپکٹس کے آن لائن آرڈرز کی سہولت منہاج یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ ذہین طلبہ کے لئے بڑی تعداد میں میرٹ سکالرشپس کا اجراء کیا گیا ہے تا کہ ذہین طلبہ پر تعلیمی اخراجات کا بوجھ کم ہو،علاوہ ازیں طلبہ پر تعلیمی اخراجات کم کرنے کے لئے امسال منہاج یونیورسٹی کے تمام تعلیمی شعبہ جات کی فیسوں میں اضافہ نہیں کیا گیا۔ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے ایڈمیشن ایڈوائزی کمیٹی کے شرکاء کو یونیورسٹی میں داخلے کے لئے آنے والے طلبہ کی راہنمائی کے لئے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایات دیں۔