وزیر اعظم ملکی معیشت کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں،جمشید اقبال چیمہ

وزیر اعظم ملکی معیشت کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں،جمشید اقبال چیمہ

  

لاہور(نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان پاکستان کی خود مختاری اور سالمیت کو یقینی بنانے کیلئے معیشت کی مضبوطی پر بھرپور توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں،اپوزیشن کرپشن کو بچانے کیلئے اتحاد اور احتجاج کو جمہوریت کا حسن سمجھتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 127کے مرکزی دفتر میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے ملک کو گھمبیر مسائل سے دوچار کیا جنہیں سلجھانے کیلئے حکومت دن رات اپنی کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ اپوزیشن کو ملک سے زیادہ اپنی سیاست عزیز ہے۔ با مقصد احتجاج جمہوریت کاحسن ہے لیکن پیپلز پارٹی،مسلم لیگ (ن)اور ان کے اتحاد ی کرپشن کو بچانے کیلئے اتحاد اور احتجاج کو جمہوریت کا حسن سمجھتے ہیں۔

جسے عوام مسترد کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو پانچ سال کا مینڈیٹ ملا ہے لیکن کرپشن کے رسیا سابق حکمران ملک اور حکومت کے خلاف سازشوں میں مصروف ہو گئے ہیں۔ اپوزیشن کو حکومت کی کامیابی سے اپنا سیاسی مستقبل تاریک ہوتا ہوا نظر آرہا ہے۔ آئندہ عام انتخابات میں عوام سابقہ حکمرانوں کی کرپشن کی باقیات کو بھی منوں مٹی تلے دفن کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس سے آگاہ ہے کہ ہمیں دنیا میں اپنا موقف منوانے، ملک کی خود مختاری او ر سالمیت کیلئے معاشی ترقی نا گزیر ہے جس کے لئے بھرپو رمحنت کی جارہی ہے اور وہ وقت دور نہیں جب پاکستان معاشی طو رپر اپنے پاؤں پر کھڑا ہوگا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -