محرم الحرام میں سیکیورٹی کی فراہمی اولین ترجیح،ڈی آئی جی آپریشنز

  محرم الحرام میں سیکیورٹی کی فراہمی اولین ترجیح،ڈی آئی جی آپریشنز

  

لاہور (کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے کہا ہے کہ محرم الحرام کی مجالس اور عزاء داری جلوسوں کی بھرپورسکیورٹی فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔پولیس افسران امن کمیٹی، شیعہ علمائے دین اور لائسنس ہولڈرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں۔اپنے سپر وائزری رول،ڈیسک اور فیلڈ مانیٹرنگ میں مزیدبہتر ی لائیں۔بین المسالک اور اندرون مسلک متعلقہ تنازعات کو فریقین کی باہمی مشاورت سے محرم سے قبل لازمی حل کروائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ ایس پیز مجالس اور اعزادری جلوسوں کو پر امن بنانے کے لئے ٹربل اور فلیش پوائنٹس پر خصوصی توجہ دیں۔تمام ایس پیز اور سرکل افسران ماتحت عملے کی بریفنگ، لاجسٹک معاملات، روٹس سکیورٹی کلیئرنس اور نفری کی تعیناتی کی خود نگرانی کریں۔ تمام افسران پْر امن محرم یقینی بنانے کیلئے مختلف مسالک کے آپسی تنازعات حل کروا کرتحریری معاہدے اور ضمانتی مچلکے لازمی لیں۔ساؤنڈ سسٹم ایکٹ کی پابندی، مجالس کا بروقت آغاز اور اختتام یقینی بنانے کے لئے موثر اقدامات کریں۔ اشفاق خان نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہہ مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر اور تفرقہ بازی پر مبنی تشہیر کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور فورتھ شیڈول کی پابندی پر عمل درآمد بھی یقینی بنایا جائے۔

شہر میں کرائم کنٹرول کے لئے موثر حکمت عملی اپنائیں۔مجرموں کی سرکوبی کے لئے نوٹ پوائنٹس اور ہاٹ سپاٹس پر خصوصی توجہ دیں۔تھانوں کے لاک اَپ، ایس ایچ اوز روم اور فرنٹ ڈیسک کے کیمرے فنکشنل اور ریکارڈنگ محفوظ ہو۔موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں کے تدارک کے لئے خصوصی لائحہ عمل تشکیل دیں۔مزید برآں ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے جی او آر ون اور اس کے ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا اور اہم مقامات کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے سکیورٹی ڈیوٹی پر موجود پولیس افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور ان کو الرٹ رہ کر ڈیوٹی کرنے کی ہدایات دیں۔اشفاق خان نے ڈیوٹی پر تعینات جوانوں کو سکیورٹی بارے آن جاب بریفنگ بھی دی۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ دلجمعی اور ذمہ داری سے فرائض انجام دینے والے جوان ہمارا فخر ہیں۔محنتی اور ذمہ داری سے اپنے فرائض سر انجام دینے والے افسران و جوانوں کی حوصلہ افزائی کے لئے نقد انعامات اور تعریفی سرٹیفکیٹس بھی دیئے جائیں گے جبکہ اپنے فرائض سے غفلت برتنے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔

مزید :

علاقائی -