اقوام متحد ہ کی جنرل اسمبلی، انسانی حقوق کمیشن کے سامنے کشمیر کا مسئلہ اٹھائینگے: شاہ محمود قریشی

اقوام متحد ہ کی جنرل اسمبلی، انسانی حقوق کمیشن کے سامنے کشمیر کا مسئلہ ...

  

اسلام آ باد(آ ئی این پی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خارجہ امور کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آ گاہ کیا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ23 دن سے، دن رات کرفیو جاری ہے ذرائع مواصلات پر پابندی عائد کی گئی ہے تاکہ حقائق دنیا سے پوشیدہ رہیں،بھارت کے ان یکطرفہ اقدامات کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا ہے،مقبوضہ جموں و کشمیر میں ابھی حقائق کو پوری طرح بے نقاب ہونا ہے لیکن جو اطلاعات اب تک مل رہی ہیں وہ انتہائی تشویشناک ہیں،پوری وادی جیل خانے میں تبدیل کر دیا گیا ہے،9ستمبر کو ہیومن رائٹس کمیشن کا اجلاس شروع ہو رہا ہے،اجلاس میں ساری صورتحال کو وہاں پوری طرح اجاگر کریں گے،اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مسئلے کو اٹھانے کے لئے پوری تیاری کے ساتھ جائیں گے،بھارت کی شدید مخالفت کے باوجود سکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلایا جانا ہماری بہت بڑی سفارتی کامیابی ہے اس اجلاس سے بھارتی موقف کی تردید ہوئی کہ یہ مسئلہ ہمارا اندرونی ہے،پاکستان نہتے کشمیریوں کی سیاسی اخلاقی اور سفارتی معاونت جاری رکھے گا۔شاہ محمود قریشی نے کمیٹی کو ہندوستان کی طرف سے 5 اگست کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں اٹھائے گئے یکطرفہ اقدامات اور اس کے بعد خطے میں امن و امان کی صورتحال پر مفصل بریفنگ دی۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ میں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، صدر سیکورٹی کونسل، سیکریٹری جنرل او آئی سی،ہیومن رائٹس کمشنر کو بھارتی اقدامات سے پہلے اور بعد میں خطوط ارسال کئے اور انہیں اس ساری صورتحال سے آگاہ کیا۔بھارت کے ان یکطرفہ اقدامات کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا ہے۔مقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ تئیس دن سے، دن رات کرفیو جاری ہے ذرائع مواصلات پر پابندی عائد کی گئی ہے تاکہ حقائق دنیا سے پوشیدہ رہیں۔پاکستان اور کشمیری عوام ان بھارتی اقدامات کو پہلے ہی یکسر مسترد کر چکے ہیں جبکہ ہندوستان میں بھی ایک بڑا سیاسی طبقہ ان اقدامات کے خلاف آواز بلند کر رہا ہے۔راہول گاندھی کی قیادت میں گیارہ رکنی وفد جو مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے وہاں کے دورے کا متمنی تھا اسے سری نگر ائیرپورٹ سے وآپس دہلی بھیج دیا گیا۔وزیر اعظم عمران خان نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے پاکستان کا واضح موقف کل اپنے خطاب میں پوری قوم کے سامنے رکھا۔پاکستان، نہتے کشمیریوں کی سیاسی اخلاقی اور سفارتی معاونت جاری رکھے گا۔چیرمین قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ نے اس ساری صورتحال پر اراکین کمیٹی کو تفصیلات سے آگاہ کرنے پر وزیر خارجہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

شاہ محمودقریشی

مزید :

صفحہ اول -