بلدیاتی اداروں کی مدت آج مکمل،الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 12ستمبر تک ملتوی

بلدیاتی اداروں کی مدت آج مکمل،الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 12ستمبر تک ملتوی

  

اسلام آباد(آئی این پی) الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا کے بلدیاتی قوانین میں ترمیم سے متعلق کیس میں ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخواکو 12 ستمبر تک کی مہلت دیدی۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں خیبرپختونخوا کے بلدیاتی قوانین میں ترمیم سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،خیبرپختونخوا حکومت کی طرف سے ایڈووکیٹ جنرل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے،ایڈووکیٹ جنرل نے بلدیاتی قوانین میں ترمیم کا نوٹیفکیشن جمع کرانے کیلئے دوبارہ مہلت مانگ لی،چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ یہ یکطرفہ کیس تھا، دفتر میں بیٹھ کر فیصلہ دے سکتے تھے، آپ کو جتنا سنا اتنا وقت دیا گیا،آپ جتنی تاخیرکریں گے ہم پراتنا بوجھ بڑھے گا۔ممبرالیکشن کمیشن ارشاد قیصرنے ایڈووکیٹ جنرل سے استفسارکیا کہ آپ کب تک نوٹیفکیشن جاری کرینگے، (آج) بدھ کو خیبرپختونخوا کے بلدیاتی اداروں کی مدت مکمل ہوجائے گی،ہم خیبرپختونخوا میں بلدیاتی حلقہ بندیاں شروع کردینگے،الیکشن کمیشن نے ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا کو 12 ستمبر تک کا وقت د یتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔دریں اثناء گزشتہ روز الیکشن کمیشن میں فیڈرل الیکشن اکیڈمی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا خان نے کہا کہ الیکشن اکیڈمی کے قیام کا مقصد الیکشن کمیشن کے نظام کو بہتر بنانا ہے جہاں نئے انتخابی عملے کو تربیت دی جاتی ہے،انتخابی عملے کی تربیت کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں، الیکشن کمیشن کی استعداد کار بڑھانے کیلئے ڈونرز کے شکرگزار ہیں جبکہ اکیڈمی کے قیام سے پاکستان کی انتخابی حوالے سے ضروریات پوری ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ انتخابی نظام میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال انتہائی اہم ہے جبکہ انتخابی عملے کی تربیت کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر

مزید :

صفحہ اول -