بھارتی فوج کی بربریت پرعالمی تنظیموں کی مزید خاموشی ایک مجرمانہ غفلت،آخری سانس تک کشمیری عوام کیساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے:عثمان بزدار

بھارتی فوج کی بربریت پرعالمی تنظیموں کی مزید خاموشی ایک مجرمانہ غفلت،آخری ...
بھارتی فوج کی بربریت پرعالمی تنظیموں کی مزید خاموشی ایک مجرمانہ غفلت،آخری سانس تک کشمیری عوام کیساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے:عثمان بزدار

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سرحدوں کی حفاظت کافریضہ سرانجام دینے پر پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ  پاک فضائیہ کے بہاد ر شاہینوں نے فروری میں دشمن کی بزدلانہ حرکت کو ناکام بنایا،مودی سرکار کو پاک فضائیہ نےپہلےبھی بھرپورجواب دیا، ہماری مسلح افواج کسی بھی جارحیت کی صورت میں دشمن کو منہ توڑ جواب دیں گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ڈپٹی چیف آف ایئر سٹاف (ٹریننگ) ایئر وائس مارشل عامر مسعود اور ائیر آفیسر کمانڈنگ سنٹرل ائیر کمانڈ ،ائیروائس مارشل طارق ضیاء نے ملاقات کی۔اس موقع پر  سردار عثمان بزدار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ارض پاک کی فضائی سرحدوں کی حفاظت کر نے والے پاکستان ائیر فورس کے بہادر شاہینوں کو سلام پیش کرتے ہیں،پاک فضائیہ کے شاہین قوم کا فخر ہیں اور وطن کی حفاظت پر مامورپاکستان کے بہادر سپوت ہمارے ہیرو ہیں،بلاشبہ پاک فضائیہ کا شمار دنیا کی بہترین فضائی فورسز میں ہوتا ہے،پاک فضائیہ نے ملک کی فضائی حدودکے تحفظ کیلئے جرأت اوربہادری کی تاریخ رقم کی ہے اور  قوم کو پاک فضائیہ کے شاہینوں کی بہادری اور جرأت پر ناز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سا  لمیت اور وطن کے دفاع کیلئے پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،مادر وطن کے وقار ، سلامتی اور خود مختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے بارے میں بھارت کے جھوٹ کا بھانڈا بیچ چوراہے پھوٹ چکاہے اور مودی سرکار خفت مٹانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے، قومی تعمیر کے شعبوں میں پاک فضائیہ کے بہترین کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،تعلیم اور صحت کے شعبو ںکی بہتری کے لئے پاک فضائیہ کی خدمات لائق تحسین ہیں، قدرتی آفات میں بھی ایئرفورس نے ہمیشہ بڑھ چڑھ کر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا ہے۔

  انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت او رپاک فضائیہ کے مابین تعلیم اور صحت کے شعبوں میں تعاون جاری ہے اور فورٹ منرو میں کیڈٹ کالج کی تعمیر کے منصوبے کی جلد تکمیل کے حوالے سے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے،آخری سانس تک کشمیری عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ نریندر مودی کے مقبوضہ کشمیر کے بارے میں غیرقانونی و غیر آئینی اقدام کی دنیا بھر میں مذمت ہو رہی ہے ،بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کو فوجی چھاؤنی بنا دیا ہے اورمسلسل کرفیو کے باعث کشمیری عوام ناقابل بیان اذیت سے گزر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کشمیریو ں پربھارتی فوج کی بربریت پر انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی مزید خاموشی ایک مجرمانہ غفلت ہو گی،مقبوضہ کشمیر میں بڑے انسانی سانحہ سے بچنے کے لئے بین الاقوامی برادری کو بیدار ہونا پڑے گا،مودی سرکارنے مقبوضہ کشمیر کے مسئلے پر پوری دنیا کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کی ہے،وزیر اعظم عمران خان نے تنازعہ کشمیراور بھارت کی مکاری کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کی خاطر ہر طرح کی قربانی دینے کیلئے تیار ہے،کشمیری عوام پہلے تنہا تھے ، نہ ہیں اور نہ ہوں گے،پاکستانی قوم کشمیر کے ساتھ خصوصی لگاؤ رکھتی ہے اورآخری سانس تک کشمیری عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔

مزید :

قومی -