مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے مسلمانوں کو بھارتی بربریت سے نجات دلانے کے لیے ہر فورم پر جائیں گے:شاہ محمود قریشی

مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے مسلمانوں کو بھارتی بربریت سے نجات دلانے کے لیے ہر ...
مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے مسلمانوں کو بھارتی بربریت سے نجات دلانے کے لیے ہر فورم پر جائیں گے:شاہ محمود قریشی

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ  پاکستان نہتے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی معاونت جاری رکھے گا،مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے مسلمانوں کو بھارتی بربریت سے نجات دلانے کے لیے ہر فورم پر جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزارتِ خارجہ میں مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیرصدارت مشاورتی کونسل برائے امور خارجہ کا آٹھواں اجلاس  ہوا، جس میں سابق سفرا ، سابق خارجہ سیکرٹریز، ماہرینِ بین الاقوامی امور اور دیگر اراکین مشاورتی کونسل شریک  ہوئے، اجلاس میں مقبوضہ وادی میں مخدوش  حالات  اورخطے  کی صورتحال پر مشاورت ہوئی۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مشاورتی کونسل کے اراکین کومقبوضہ جموں و کشمیر کی مظلوم عوام پر ڈھائے جانے والے بھارتی ظلم و ستم کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کیلئے ، اہم علاقائی اور بین الاقوامی دنیا کے ساتھ ہونیوالے اپنے حالیہ روابط کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔مخدوم شاہ محمود قریشی  نے شرکا اجلاس کو صدر سیکیورٹی کونسل، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ، ہیومن رائٹس کمشنر اور سیکریٹری جنرل او آئی سی کے ساتھ ہونے والے روابط اور اس کے نتیجے میں اب تک ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے لوگ گزشتہ چوبیس روز سے مسلسل کرفیو کا سامنا کر رہے ہیں، نوجوانوں اور بچوں کو گھروں میں گھس کر جبرآ اغوا کیا جا رہا ہے، نماز عید اور نماز جمعہ تک ادا نہیں کرنے دی گئی ۔انہوں نے کہا کہ ذرائع مواصلات کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے،بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے سامنے آنے والی رپورٹس انتہائی تشویشناک ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں یکطرفہ اقدامات سے وادی کے آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے،مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے مسلمانوں کو بھارتی بربریت سے نجات دلانے کے لیے ہر فورم پر جائیں گے۔

مزید :

قومی -