کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام نے مقبوضہ کشمیر میں داخل ہونے کا اعلان کردیا

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے جنگ مسلط کی تو میں خود مقبوضہ کشمیر میں داخل ہوں گا ،میں ان لوگوں میں سے نہیں ہوں جو بات کرکے پیچھے ہٹ جاتے ہیں،بات کہہ دینا آسان مگر کرکے دکھانا مشکل ہے ،میں نے جو کچھ کہا ہے کرکے دکھاؤں گا ۔
سرکاری ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے سید فخر امام نے کہاکہ ہم دعوی تو بہت کرتے ہیں لیکن جب امتحان کا وقت آتا ہے تو اس وقت صحیح پتہ چلتا ہے کہ انسان کے دعووں کا کیا معیار ہے؟ آج اس ملک کے مستقبل کے فیصلے کا وقت آگیا ہے، آج ہم نے وہ فیصلے کرنے ہیں جس سے ہمارا ملک مقابلہ کرسکے۔انہوں نے کہا کہ نیلسن منڈیلا نے 27 سال جیل میں گزارے ،جب باہر نکلا تو اپنی قوم کا قائدبن کرنکلا، او آئی سی نے وہ ادارے قائم نہیں کیے جو دنیا کو اپنی جانب راغب کرلیتے ہیں،ہمیں آج ایسے ہی ادارے قائم کرنے کی ضرورت ہے، آج وقت آگیا ہے کہ ہم اصولوں کے تحت چلیں،اگر ہمیں خوراک نہیں بھی ملتی تو پھر بھی ہم آگے چلیں۔