شر انگیزی پھیلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے،شوکت لالیکا

  شر انگیزی پھیلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے،شوکت لالیکا

  

لاہور(جنرل رپورٹر)صوبائی وزیرزکوٰۃ و عشرپنجاب میاں شوکت علی لالیکا نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران سوشل میڈیا پر شرانگیزی اور اشتعال انگیز موادپھیلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔اس سلسلہ میں مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے۔ عاشورہ کے دوران کسی کو فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن و امان کو خراب کرنے کی اجازت نہ دیں گے۔ محرم الحرام کے دوران ہم سب نے یکجہتی اور اتحاد کے ساتھ ایسے عناصر کو شکست دینی ہے جو ہمیں آپس میں لڑا کر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔وہ ڈپٹی کمشنر آفس بہاول پور میں امن و امان کے قیام اور محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہاکہ بہاول پور پرامن خطہ ہے اورامن و امان کے قیام میں انتظامیہ سمیت قافلہ سفیران امن کا کردار بہت نمایاں ہے۔ صوبائی وزیر نے محرم الحرام انتظامات کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے جلوس اور مجالس کے موقع پر کورونا وائرس ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور ان تمام مقامات پر ہاتھ دھونے، ہینڈ سینی ٹائزر اور فیس ماسک کا استعمال کیا جائے۔کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری نے کہا کہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد جاری کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا اور اس سلسلہ میں حکومت کی زیرو ٹالرینس پالیسی ہے۔اجلاس میں ڈی سی مظفر خان سیال نے محرم الحرام جلوس روٹس کی مرمت و دیکھ بھال اور دیگر انتظامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ڈی پی او صہیب اشرف نے محرم جلوس اور مجالس مقامات کی فول پروف سیکورٹی انتظامات سے آگاہ کیا۔ بعد ازاں صوبائی وزیر زکوٰۃ و عشر میاں شوکت علی لالیکا نے ڈی سی آفس میں قائم ڈسٹرکٹ کنٹرول روم کا معائنہ کیا جہاں سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ضلع بھر میں محرم الحرام کے موقع پر حساس مقامات کی مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -