10محرم تک بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائیں گے،مجاہد پرویز چٹھہ

10محرم تک بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائیں گے،مجاہد پرویز چٹھہ

  

لاہور(پ ر)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے چیف ایگزیکٹومجاہد پرویز چٹھہ نے10  محرم الحرام تک بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے حوالے سے ہدایات جاری کر دیں۔لیسکو کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق 10 محرم الحرام تک مجالس کے دوران امام بارگاہوں میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو اپنے اپنے سرکلز میں خصوصی ڈیوٹیاں سرانجام دیں گی۔ چیف ایگزیکٹومجاہد پرویز چٹھہ نے اس حوالے سے جمشید زمان (ایکسئین داتا دربار) کو فوکل پرسن تعینات کردیا ہے۔

 چیف ایگزیکٹو کی ہدایت کے مطابق 10 محرم الحرام تک ایس ایز، ایکسئینز اور ایس ڈی اوز سمیت تمام عملہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فی الفور نمٹنے کے لیئے اپنے دفاتر میں موجود رہے گا۔جبکہ کمپلینٹ دفاتر کو بھی ہائی الرٹ کرنے کے ساتھ ساتھ کسی بھی ایمرجنسی کے صورت میں ٹی اینڈ پی کی فراہمی، گاڑیاں اور دیگر مٹیریل ہمہ وقت دستیاب رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ اعلامییے کے مطابق یکم محر م الحرام  تا دس محر م الحرام  تک سرکل کی سطح پر ٹیکنیکل اسٹاف کو تعینات کیا گیا ہے جو کسی بھی نوعیت کے ٹیکنیکل فالٹ کے بروقت ازالے کے لئے کام کرے گا۔  چیف ایگزیکٹو کی ہدایت پر لیسکو کا عملہ بھی حفاظتی نقطہ نظر کے تحت محرم کی مناسبت سے نکلنے والے جلوسوں کے ساتھ ساتھ ساتھ رہے گاتاکہ عَلم اور دیگر زیارات کی برآمدگی کے دوران بجلی کی تاروں کے سبب کہیں بھی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے جبکہ نثار حویلی جہاں سے ذوالجناح کا مرکزی جلوس نکلے گا وہاں جنریٹر کا بھی انتظام کیا جائے گا جبکہ اضافی سورس کے تحت جلوس کے اختتامی مقام پر بھی ایک جنریٹر کا انتظام کیا جائے گا  اور لیسکو کا عملہ ذوالجناح کے راستے پرلٹکنے والی بجلی کی تمام تاروں کو کلئیر کرے گا۔ چیف ایگزیکٹومجاہد پرویز چٹھہ کا کہنا تھا کہ تمام افسران اور عملہ اپنی دستیابی کو یقینی بنائیں تاکہ ان مقدس ایام میں بجلی کے ہنگامی مسائل کو فی الفور حل کیا جا سکے اور عزاداری اور لاء  اینڈ آرڈر کے کاموں میں خلل پیدا نہ ہو سکے۔ لیسکو کے معزز صارفین کسی بھی ہنگامی صورتحال میں اپنے متعلقہ علاقے کے کمپلینٹ سیل کے علاوہ ان نمبروں   111-000-118،  0320-0520888پر فوری رابطہ کر سکتے ہیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -