پی ایچ اے کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت ہے،محمود الرشید

پی ایچ اے کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت ہے،محمود الرشید

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر ہاؤسنگ پنجاب میاں محمود الر شیدنے کہاہے کہ پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) لاہور کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔پی ایچ اے حکام 90 روز میں ادارے کی بہتری کے لیے جامع اور مؤثراقدامات عمل میں لائیں۔کارکردگی کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔یہ بات انہوں نے پی ایچ اے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران کہی جس میں اتھارٹی کو مزید فعال بنانے،لاہور کی خوبصورتی اور ریونیو بڑھانے سمیت متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں مشیر وزیراعلی آصف محمود، چیئرمین پی ایچ اے اسد گیلانی،وائس چیئرمین حافظ ذیشان رشید، ڈی جی جواد احمد قریشی، ممبر مارکیٹنگ عامر حمید، ممبر ہارٹی کلچر نواز رامے نے شرکت کی

  

۔میاں محمودالرشید نے دو ہفتوں میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ بلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ پی ایچ اے لاہور کو اپنے اخراجات خود اٹھانا ہوں گے۔

 انہوں نے کہاکہ ریونیو بڑھانے سے متعلق سفارشات کو میٹنگ کے ایجنڈے کا حصہ بنایا جائے اوربزنس پلان بھی منظوری کے لیے پیش کیا جائے۔ایسی سفارشات تیار کی جائیں جو اتھارٹی کے کردار کو مزید فعال کریں۔ میاں محمودالرشید نے کہا کہ ملازمین کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایاجائے اوران کی ترقی سے متعلقہ معاملات کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے ادارے کو فعال اور مؤثربنانے کے حوالے سے پی ایچ اے ریفارمز کمیٹی کے اقدامات کی تعریف کی۔میاں محمودالرشید نے لاہور کو خوبصورت بنانے کے جامع پروگرام پر عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ پارکوں اور گرین بیلٹس کی نگہداشت میں کوتاہی نہ برتی جائے۔ پارکوں میں شہریوں کے لئے معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور وہاں صفائی اور سکیورٹی کے معاملات کو مزید بہتر بنایا جائے۔کلین اینڈ گرین پروگرام کی کامیابی کیلئے مون سون شجرکاری کے دوران لگنے والے پودوں کی نگہداشت یقینی بنائی جائے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -