وزیرآباد شہر میں ٹوکہ مار ڈاکو گینگ متحرک، شہری لاکھوں سے محروم

  وزیرآباد شہر میں ٹوکہ مار ڈاکو گینگ متحرک، شہری لاکھوں سے محروم

  

وزیرآباد(نا مہ نگار،نمائندہ خصوصی)وزیرآباد شہر میں ٹوکہ مار ڈاکو گینگ متحرک، بینکوں اور اے ٹی ایم مشینوں سے رقوم نکالنے والے شہری ڈاکوؤں کا تختہ مشق، 24گھنٹوں میں دو وارداتوں میں مقامی صحافی سمیت شہری دولاکھ روپے سے محروم،پولیس کے دلاسے جاری ڈاکو ؤں کے نقش پاء تک بھی نہ پہنچ سکے۔ تفصیلات کے مطابق وزیرآباد میں ڈاکوؤں کا نیا گینگ متحرک ہو گیا جو واردات کے بعد جاتے ہوے شہریوں کے ہاتھ کو ٹوکے کے وار کر کے زخمی کر دیتے ہیں۔ گذشتہ 24گھنٹوں میں دو وارداتوں میں ڈاکوؤں نے دو شہریوں کو دو لاکھ روپے سے محروم کرنے کے ساتھ ساتھ ہاتھوں پر ٹوکے مار کر زخمی کر دیا دونوں شہری اے ٹی ایم مشینوں سے رقوم نکلواتے ڈاکوؤں کا نشانہ بنے۔الہ آباد کا رہائشی مہران ارشد یو بی ایل بینک جی ٹی روڈ برانچ سے رقم نکال رہا تھا کہ ماسک پہنے ڈاکو اے ٹی ایم مشین میں داخل ہو گیا اور نکالی ہوئی رقم چھیننے کے ساتھ جاتے ہوے دونوں ہاتھوں پر ٹوکے کے وار کر کے زخمی کر گیا جبکہ دوسری واردات میں مقامی صحافی جبران بٹ سے بینک اسکوائر وزیرآباد کے قریب بینک الحبیب کی اے ٹی ایم مشین سے رقم نکلواتے ڈاکو نے ایک لاکھ ستاسی ہزار روپے چھین لیے اور جاتے ہوے دونوں ہاتھوں کو ٹوکے کے وار کر کے زخمی کر گیا۔شہر میں جاری ڈکیتی کی وارداتوں اور ٹوکہ گینگ کے متحرک ہونے سے شہریوں میں تشویش کی لہر شہریوں نے حکام بالا سے پولیس کے سست رویہ پر احتجاج اور ڈاکووں کی جلد از جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید :

علاقائی -