سی پیک کے تحت تعمیر کرنے سے حکومت مکر گئی،عبدالاکبر چترالی

   سی پیک کے تحت تعمیر کرنے سے حکومت مکر گئی،عبدالاکبر چترالی

  

پشاور (سٹی رپورٹر)قومی اسمبلی کے رکن اور جماعت اسلامی کے رہنما مولانا عبدالاکبر چترالی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت چترال مستوج شندور روڈ کو سی پیک کے تحت تعمیر کرانے کی اپنی وعدے کی خلاف ورزی کی مرتکب ہوئی ہے، اور حکومتی وعدہ خلافی کے بعد ضلع چترال بالا کے عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت بونی مستوج روڈ کی مرمتی کام کا آغاز کردیا ہے جو وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے منہ پر طمانچہ ہے،پشاور پریس کلب میں رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ سابقہ دور حکومت میں مستوج روڈ کی ناقص تعمیراتی کام کے ذمہ دار ٹھیکدار کے خلاف سخت کاروائی کی جائے نیز مستوج کے عوام جو کہ رضاکارانہ طور پر سڑک کی مرمت کا کام کر رہے ہیں سڑک کے مرمت میں مصروف عوام کے لئے صوبائی حکومت فوری طور پر گرانٹ کا اعلان کرے تاکہ سڑک کی تعمیر میں مصروف لوگوں کے لئے ان کے کام کا معاوضہ مل سکے۔رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ انہوں نے متعدد بار اس سڑک کی سی پیک کے تحت تعمیر کے لئے قومی اسمبلی میں توجہ دلاو نوٹس پیش کرچکے ہیں اور حکومت نے یقین دہانیوں کے باوجود ابھی تک اس اہم منصوبے کے ضمن میں کسی قسم کی پیش رفت میں ناکام رہی ہے۔مولانا عبدلاکبر نے کہا کہ گزشتہ روز ضلع چترال بالا کے اور چترال پائین کے مختلف علاقوں میں تغیانی آنے سے رابط سڑکیں،پل اور دیگر املاک کو کافی نقصانا ت پہنچے ہیں،وفاقی اور صوبائی حکومتیں فوری طور پر این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کو متاثرہ علاقوں میں سڑکوں کی بحالی اور دیگر ضروری امداد کی فراہمی کے لئے احکامات جاری کریں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -