کراچی میں موبائل فون سروسز کی معطلی، یوفون کے ترجمان بھی میدان میں آ گئے

کراچی میں موبائل فون سروسز کی معطلی، یوفون کے ترجمان بھی میدان میں آ گئے
کراچی میں موبائل فون سروسز کی معطلی، یوفون کے ترجمان بھی میدان میں آ گئے

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) شہر قائد میں بارشوں اور بجلی کی طویل بندش سے موبائل رابطوں میں بھی تعطل ہے جس پر موبائل ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی یوفون کے ترجمان نے صارفین سے معذرت کی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق یوفون کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں شدید بارشوں اور بجلی کی طویل بندش سے موبائل رابطوں میں بھی تعطل ہے اور غیر معمولی صورتحال سے موبائل سروسز کی بحالی میں مشکلات کا سامنا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر مشکلات کے باوجود خصوصی ٹیمیں موبائل رابطوں کی بحالی کیلئے مسلسل کام کر رہی ہیں اور ہم صارفین کو تکلیف پہنچنے پر معذرت خواہ ہیں 

واضح رہے کہ کراچی میں موسلا دھار بارش کے بعد پانی کے ریلوں نے شہر کا حلیہ بدل دیا، پانی کا بہاؤ اپنے ساتھ کنٹینر،کار، بسیں سب کھلونوں کی طرح بہا لے گیا۔ شہر کے ساتوں انڈر پاس میں پانی ہی پانی ہے جس کے بعد انہیں ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔

شارع فیصل پر نرسری کے قریب یونیورسٹی کی بس پانی میں پھنس گئی، مسافر کود کر کناروں تک پہنچے، ایم اے جناح روڈ پر سیکیورٹی کیلئے رکھے گئے کنٹنیرزبھی بہہ گئے۔ آئی آئی چندری گر روڈ بھی تالاب بن گئی، سندھ ہائی کورٹ اور پاسپورٹ آفس کے قریب سڑکوں پر گھٹنوں گھٹنوں پانی،گاڑیاں خراب ہوگئیں، لوگ کمر تک پانی میں منزل کی تلاش میں خوار ہوگئے۔

مزید :

علاقائی -سندھ -کراچی -