اداکارہ مہوش حیات اور بھارتی انڈر ورلڈ ڈان داﺅد ابراہیم کا کیاتعلق ہے ؟ بھارتی میڈیا نے نیا شوشہ چھوڑ دیا

اداکارہ مہوش حیات اور بھارتی انڈر ورلڈ ڈان داﺅد ابراہیم کا کیاتعلق ہے ؟ ...
اداکارہ مہوش حیات اور بھارتی انڈر ورلڈ ڈان داﺅد ابراہیم کا کیاتعلق ہے ؟ بھارتی میڈیا نے نیا شوشہ چھوڑ دیا

  

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) مہوش حیات پاکستان فلم انڈسٹری کے احیاءکے بعد کامیاب ترین اداکارہ گردانی جاتی ہیں جو’پنجاب نہیں جاﺅں گی‘ ’ایکٹراِن لاء‘ اور ’لوڈویڈنگ‘ سمیت کئی سپرہٹ فلمیں دے چکی ہیں۔ اگرچہ مہوش حیات اپنے کام کی وجہ سے بھی خوب شہرت رکھتی ہیں مگر آئے روز ان کا نام افواہوں کی زد میں آ کر بھی میڈیا کی شہ سرخیوں میں رہتا ہے۔ انہیں تمغہ امتیاز دیئے جانے کا معاملہ ہو یا ان کے سیاسی بیانات، سوشل میڈیا پر وہ گاہے تنقید کی زد میں رہتی ہیں اور اب ان کے متعلق ایک یہ افواہ گردش میں ہے کہ ان کا بھارتی انڈرورلڈ ڈان داﺅد ابراہیم کے ساتھ تعلق ہے اور وہ ان کی گرل فرینڈ ہیں۔ سامنے کی حقیقت یہ ہے کہ مہوش حیات کا داﺅد ابراہیم کے ساتھ تعلق تو درکنار، کسی کے ساتھ بھی ان کے تعلق کا تاحال کوئی ثبوت موجود نہیں ہے۔ اس کے باوجود ان کا نام داﺅد ابراہیم کے ساتھ لیا جا رہا ہے۔ 

نیوز 18کے مطابق 37سالہ مہوش حیات کے داﺅد ابراہیم کے ساتھ تعلق کی خبر زی نیوز اور کچھ دیگر بھارتی میڈیا آﺅٹ لیٹس نے دی، جس سے اس افواہ نما خبر کی حقیقت کا کچھ اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ مہوش حیات پاکستانی سیاست کے ساتھ ساتھ کشمیر میں جاری بھارتی فوج کے مظالم اور بالی ووڈ کے انتہاءپسند ہندو سیاسی و مذہبی جماعتوں کا پراپیگنڈہ سیل بن جانے پر بھی کڑی تنقید کرتی رہتی ہیں۔رپورٹ کے مطابق داﺅد ابراہیم کے متعلق ایک افواہ یہ بھی گردش میں رہی کہ وہ بھارت سے فرار ہونے کے بعد پاکستان کے شہر کراچی کے علاقے کلفٹن میں قیام پذیر ہیں۔ اگرچہ داﺅد ابراہیم کے دست راست شکیل چھوٹا کی طرف سے اس کی تردید کی جا چکی ہے تاہم ان کی کراچی میں موجودگی کی افواہ کے باعث بھی ان کے مہوش حیات کے ساتھ تعلق کی افواہ کو مہمیز مل رہی ہے۔ 

 رپورٹ کے مطابق مہوش حیات کے متعلق اڑنے والی اس افواہ میں کچھ ناقدین اور ٹرولز تو یہاں تک دعویٰ کر رہے ہیں کہ اداکارہ کو ملنے والے تمغہ امتیاز کے پیچھے بھی داﺅد ابراہیم کا ہاتھ تھا۔داﺅد ابراہیم نے ان کی کئی فلموں میں پیسہ بھی لگایا اور اپنے اثرورسوخ کو استعمال کرتے ہوئے انہیں فلموں میں کردار بھی دلوائے۔ واضح رہے کہ اسی نوعیت کے الزامات کے تحت کچھ بالی ووڈ اداکاراﺅں کا نام بھی داﺅد ابراہیم کے ساتھ جوڑا جاتا رہا ہے کہ وہ ان کی پشت پناہی کرتے ہیں اور انہیں فلموں میں کردار دلواتے ہیں۔

مزید :

تفریح -