ایک اور غیرملکی ایئرلائن کا پاکستان کیلئے سروسز شروع کرنے کا اعلان ، بیرون ملک جانے کے خواہمشندوں کیلئے بڑی خبر
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی فضائی کمپنی ورجن اٹلانٹک نے پاکستان کے لیے پروازیں شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق ورجن اٹلانٹک رواں سال دسمبر سے پاکستان کے لیے آپریشنز شروع کرنے جا رہی ہے۔ گزشتہ روز فضائی کمپنی کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ”پاکستان دنیا کا ساتواں بڑا ملک ہے جس کے شہری امریکہ، برطانیہ اور دنیا کے دیگر ممالک میں مقیم ہیں۔ پاکستان کے لیے فلائٹ آپریشنز شروع کرنے کا مقصد انہی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو امریکہ اور برطانیہ سے اپنے وطن آنے جانے میں آسانی فراہم کرنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق فضائی کمپنی کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں پاکستان کا سفر کرنے کے خواہش مند لندن اور مانچسٹر سے ورجن اٹلانٹک کی پروازیں بک کر سکتے ہیں جبکہ امریکہ سے پاکستان جانے والے لوگ نیویارک، لاس اینجلس، واشنگٹن، بوسٹن اور سین فرانسسکو سے پروازیں بک کر سکتے ہیں۔ امریکہ سے چلنے والی یہ پروازیں براستہ لندن پاکستان جایا کریں گی۔ فضائی کمپنی کی طرف سے پاکستان کے لیے تین روٹس کا اعلان کیا گیا ہے جن میں لندن سے لاہور، لندن سے اسلام آباد اور مانچسٹر سے اسلام آباد شامل ہیں۔ان نئی ڈائریکٹ پروازوں کی سیل ستمبر 2020ءسے شروع ہو جائے گی۔