دنیا کا معمر ترین شادی شدہ جوڑا سامنے آگیا
کوئٹو(مانیٹرنگ ڈیسک) جنوبی امریکہ کے ملک ایکواڈور کے 110سالہ شوہر اور 104سالہ بیوی کو دنیا کا معمر ترین شادی شدہ جوڑا قرار دے دیا گیا۔ میل آن لائن کے مطابق اس آدمی کا نام جولیو سیزر مورا اور اس کی اہلیہ کا نام ویلڈرامینا کوئنتروس کوئنترو ہے جن کی شادی ایکواڈور ہی میں 7فروری 1941ءکو ہوئی تھی۔ ان دونوں کے والدین اس شادی کے خلاف تھے اور انہوں نے اس نئے رشتے کو قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔تاہم یہ اس جوڑے کی محبت تھی کہ آج 8دہائیاں گزرنے کے بعد انہوں نے دنیا کے معمر ترین جوڑے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے اور ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں شامل کر لیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جولیو اور ویلڈرمینا کی مجموعی عمر اس وقت 214سال 358دن ہے۔ ان دونوں کی پہلی ملاقات 1934ءمیں ہوئی تھی۔ ان کی ملاقات کوئنترو کی بہن کے شوہر نے کروائی تھی اور اس پہلی ملاقات میں ہی دونوں کو ایک دوسرے سے محبت ہو گئی تاہم جب بات آگے بڑھی تو ان کے گھر والوں نے اس رشتے سے انکار کر دیا۔ تاہم جولیو اور کوئنترو نے شادی کا فیصلہ کر لیا۔ ان کے گھر والے ان کی شادی میں شریک نہیں ہوئے تھے۔ ان دونوں میاں بیوی کے ہاں 5بچے پیدا ہوئے اور اب وہ 11پوتے پوتیوں،21پڑپوتے پڑپوتیوں والے ہیں اور ان کے پڑپوتے پڑپوتیوں کے بھی آگے 9بچے ہیں۔