”ٹی 20 سیریز میں تمام نظریں بابراعظم پر ہوں گی“ سابق بھارتی کھلاڑی بھی ٹی 20 میں بابراعظم کی اننگز دیکھنے کے منتظر

”ٹی 20 سیریز میں تمام نظریں بابراعظم پر ہوں گی“ سابق بھارتی کھلاڑی بھی ٹی 20 ...
”ٹی 20 سیریز میں تمام نظریں بابراعظم پر ہوں گی“ سابق بھارتی کھلاڑی بھی ٹی 20 میں بابراعظم کی اننگز دیکھنے کے منتظر

  

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی کرس سری کانت نے کہا ہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین میچوں کی ٹی 20 سیریز میں سب کی نظریں بابراعظم پر ہوں گی۔ 

تفصیلات کے مطابق ٹی 20 فارمیٹ میں دنیا کے نمبرون بلے باز آج اسی میدان میں اتریں گے جہاں انہوں نے ٹی 20 انٹرنیشنل کیرئیر کا آغاز کیا تھا، قومی ٹیم نے اس میچ میں 9 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی اور بابراعظم تب سے ہی انگلینڈ میں کھیلنا بہت پسند کرتے ہیں۔ 

لاہور میں پیدا ہونے والا بلے باز نے گزشتہ سال انگلینڈ کے ڈومیسٹک ٹی 20 بلاسٹ ٹورنامنٹ میں انگلش کاﺅنٹی سمرسیٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے سب سے زیادہ 578 رنز بنائے تھے جبکہ مختصر طرز کی کرکٹ میں وہ تین سنچریاں بھی بنا چکے ہیں جن میں سے 2 انگلینڈ میں بنائیں۔ 

کرس سری کانت نے کہا کہ ”پاکستان کے پاس بہترین موقع ہے کہ وہ نوجوان کھلاڑیوں کو آزماتے ہوئے ایک ایسی ٹیم بنانے کی جانب بڑھے جس پر انہیں فخر ہو سکتا ہے، سیریز میں سب کی نگاہیں بابر اعظم پر ہوں گی، ان میں جوانی اور تجربے کا اچھا امتزاج ہے اور انہیں اپنی کرکٹ میں مستقل مزاجی لانے کیلئے زیادہ سے زیادہ کوشش کرنی چاہئے۔“ 

سابق بھارتی کرکٹر نے مزید کہا کہ میزبان ٹیم سیریز کے فیورٹ کے طور پر آغاز کرے گی لیکن انہیں پاکستانی ٹیم سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ پاکستانی ٹیم کسی بھی وقت کچھ بھی کر سکتی ہے، یہ ضرورت کہنا چاہتا ہوں کہ سیریز انتہائی دلچسپ ہو گی البتہ میزبان ٹیم کیلئے یہ سیریز کچھ مختلف نوعیت کی بھی ہو گی، یعنی چیلنج سے بھرپور سیریز۔“ 

مزید :

کھیل -