دہشتگردوں کا نام و نشان مٹا کر وطن کو امن کا گہوارہ بنائیں گے، تہمینہ دولتانہ

دہشتگردوں کا نام و نشان مٹا کر وطن کو امن کا گہوارہ بنائیں گے، تہمینہ دولتانہ

لاہور( پ ر ) مسلم لیگ (ن) کی سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی محترمہ بیگم تہمینہ دولتانہ نے کہا ہے کہ نوازشریف کی قیادت میں انتہاپسندی اور دہشت گردی کا ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خاتمہ کیا جائے گا اور نئی نسلوں کو محفوظ اور پرامن پاکستان دے کر جائیں گے۔ملک کو پر امن بنانے کیلئے ملک بھر کے سیاسی قائدین نے نوازشریف پر اعتماد کیا ہے یہ قائد ین سمجھتے ہیں کہ نوازشریف ہی پاکستان میں امن قائم کرکے یہاں تعمیراور ترقی کرسکتے ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ قوم کی تائید و حمایت سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے چیلنج سے نمٹیں گے اچھے اور برے دہشت گردوں کی تمیز کئے بغیر سب کے خلاف یکساں موثر کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ غیر معمولی حالات میں غیر معمولی فیصلے اور اقدامات کرنا پڑتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آج قومی قیادت ایک پیج پر آ چکی ہے اور قومی قیادت کی طرف سے کئے جانیوالے فیصلوں کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا نام و نشان مٹا کر وطن کو امن کا گہوارہ بنائیں گے یہ جنگ پاکستان کی آئندہ نسلوں کی بقاء کی جنگ ہے اور اس جنگ میں پاکستان کے اٹھارہ کروڑ عوام سرخرو ہوں گے

مزید : میٹروپولیٹن 1