پاکستان کے اندر جہاد کے فتوے دینے والے گمراہی کا شکار ہیں،حافظ محمدسعید

پاکستان کے اندر جہاد کے فتوے دینے والے گمراہی کا شکار ہیں،حافظ محمدسعید ...

                                    لاہور (اے این این) امیر جماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان کے اندر جہاد کے فتوے دینے والے گمراہی کا شکار ہیں۔خارجی خود کو سچے مسلمان اور دوسروں کو واجب القتل سمجھتے ہیں۔ انہیں کشمیری و فلسطینی مسلمانوں کا خون بہانے والے دوست اور پاکستانی مسلمان کافر نظر آتے ہیں۔اللہ کے دشمنوں نے خارجیوں کے ذہنوں میں یہ بات بٹھادی ہے کہ مظلوم کشمیری و فلسطینی مسلمانوں کی مددکی بجائے پاکستان کے اندرجہاد کی ضرورت ہے۔یہ باتیں منہج نبوی ﷺ کے خلاف ہیں۔ کلمہ گو مسلمانوں پر کفر کے فتوے لگا کر قتل کرنا جہاد نہیں فساد ہے۔علماءکرام قرآن و سنت کی روشنی میں لوگوں کو اس فتنہ سے آگاہ کریں اور نوجوانوں کو دشمنان اسلام کی سازشوں کا شکار ہونے سے بچائیں۔ وہ مرکز خیبر نشاط آباد میں جماعةالدعوة فیصل آباد کے زیر اہتمام کارکنان و ذمہ داران کی تربیتی نشست سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر جماعةالدعوة کے مرکزی رہنما مولانا سیف اللہ خالد، مولانا نصر جاوید، امیر جماعةالدعوة فیصل آباد فیاض احمد و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ جماعةالدعوة کے سربراہ حافظ محمد سعیدنے اپنے خطاب میں کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی مسلمانوں نے میدانوں میں قربانیاں و شہادتیں پیش کرکے کفار کے مقابلہ کامیابیاں حاصل کیں ہمیشہ دشمنان اسلام نے ان فتنوں کو ہوا دی اور مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کی کوششیں کیں۔ صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین کے دور میں بھی یہودیوں نے اس فتنہ کی آبیاری کی اور مدینہ کے اندر سازشوں کو پروان چڑھایا گیا۔آج کے حالات کا جائزہ کیا جائے تو یہاں بھی یہی صورتحال نظرآتی ہے۔انہوںنے کہافتنوں کے اس دور میں ہمیں سیرت رسول ﷺ اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین کی زندگی سے رہنمائی لینے کی ضرورت ہے۔ کسی مسلمان کیلئے کسی دوسرے مسلمان بھائی کا قتل جائز نہیں ہے۔ انہوںنے کہاکہ جماعةالدعوة نے پورے ملک میں سیرت النبی ﷺ کانفرنسوں کے پروگرام ترتیب دیے ہیں جن میں لوگوں کو نبی اکرم ﷺ کی سیرت و کردار سے آگاہ کیاجائے گا۔

مزید : علاقائی