سیاسی اور فوجی قیادت دہشتگردی کیخلاف ایک صفحے پر آ چکی ،پاکستان کی جنگ جیتیں گے،شہباز شریف

سیاسی اور فوجی قیادت دہشتگردی کیخلاف ایک صفحے پر آ چکی ،پاکستان کی جنگ ...

 لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں چیئرمین ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان ایس ایم منیر کی قیادت میں کینیڈا پاکستان بزنس کونسل اور معروف کاروباری شخصیات کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں کاروباری اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت نازک ترین دور سے گزر رہا ہے۔ حکومت ایک طرف دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے تو دوسری طرف توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور تاریخ کا بدترین واقعہ ہے جس میں سکول کے معصوم بچوں کو سفاک دردندوں نے بربریت کا نشانہ بنایا۔ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ پوری قوم دہشت گردی کی لعنت سے ہمیشہ کیلئے چھٹکارا پانے کیلئے متحد ہو چکی ہے اور وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں سیاسی اور فوجی لیڈرشپ بھی دہشت گردی کے خلاف ایک صفحے پر آ چکی ہے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ اتحاد اور اتفاق کا جو شاندار مظاہرہ دیکھنے میں آیا اس کی مثال پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی اور انشاء اللہ اتحاد کی اسی قوت سے دہشت گردوں کا ہمیشہ ہمیشہ کیلئے صفایا کرکے پاکستان کو امن دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جنگ آئندہ نسلوں کی بقا کی جنگ ہے جو ہر قیمت پر جیتیں گے کیونکہ دہشت گردی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے انتہائی سازگار ماحول فراہم کیا گیا ہے، کینیڈاپاکستان بزنس کونسل پنجاب میں توانائی اور زراعت کے شعبوں میں بے پناہ مواقع سے فائدہ اٹھائے۔ پنجاب اور اونٹیریو کے درمیان تجارت اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد مقیم ہے۔کینیڈا میں موجود پاکستانیوں کو اپنے ملک کا امیج بہتر بنانے کیلئے مزید متحرک اور فعال کردار ادا کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم سولر پارک بہاولپور میں پاکستان کا سب سے منفرد پہلا سولر منصوبہ لگایا جا رہا ہے اور سو میگاواٹ کا یہ منصوبہ پنجاب حکومت اپنے وسائل سے لگا رہی ہے جو تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ کینیڈا کے بزنس مین سولر پارک میں بھی سولر منصوبے لگانے کے حوالے سے تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔ اس موقع پر چیئرمین ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان ایس ایم منیر، کینیڈا پاکستان بزنس کونسل کے عہدیداران اور کاروباری شخصیات نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے لاہور اور پنجاب کی ترقی کیلئے مثالی اقدامات کئے ہیں۔ پنجاب آ کر حقیقی معنوں میں ترقی نظر آتی ہے۔ کینیڈاپاکستان بزنس کونسل کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کو کینیڈا کے صوبے اونٹیریو کے دورے کی دعوت بھی دی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری کی قیادت میں صحافیوں کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صحافی برادری کو درپیش مسائل اور صحافی کالونی لاہور کے ترقیاتی امور پر بات چیت ہوئی ۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت صحافیوں کے رہائشی مسائل حل کرنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔ حکومتی اقدامات سے صحافی کالونی لاہور میں مزید 300 صحافیوں کو چھت فراہم کی گئی ہے۔ صحافی کالونی میں ایف بلاک کا اضافہ حکومت کا صحافیوں کیلئے رہائشی سہولیات کی فراہمی کے عزم کا منہ بولتاثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں پہلی فرصت میں ایف بلاک کا افتتاح کروں گا اور بہت جلد لاہور پریس کلب کا دورہ بھی کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ صحافی کالونی میں صحافیوں کے بچوں کو تعلیم کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے سینٹر آف ایکسی لینس قائم کیا جائے گا اور صحافی برادری کو علاج معالجے کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ڈسپنسری بھی بنائیں گے۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صحافی کالونی میں کمرشل ایریا کی ڈویلپمنٹ کے حوالے سے معاملات کا جائزہ لیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ لاہور پریس کلب کے باہر ٹریفک کا مسئلہ حل کرنے کے حوالے سے متعلقہ حکام سے میٹنگ کرکے قابل عمل منصوبہ بنایا جائے ۔ لاہور پریس کلب کے صدر اور صحافیوں کے وفد نے صحافی کالونی میں تیز رفتاری سے ترقیاتی کام کرانے اور دیگر امور پر پیش رفت کے حوالے سے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے کہا کہ شہباز شریف عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں اور وہ جو کہتے ہیں اسے پورا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو بس پراجیکٹ، سگنل فری آزادی چوک اور دیگر فلاحی منصوبے وزیراعلیٰ کی عوام دوستی کا ثبوت ہیں۔ انہوں نے لینڈ سکیپنگ کے حوالے سے لاہور کو خوبصورت ترین شہر بنا دیا ہے اور ہمیں یہاں ہوتے ہوئے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہم یورپ کے کسی شہر میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے مزید تین سو صحافیوں کو چھت فراہم کرکے ہمارے دل جیت لئے ہیں۔ ترجمان پنجاب حکومت سید زعیم حسین قادری، پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات رانا ارشد، سیکرٹری اطلاعات مومن آغا، پریس سیکرٹری شعیب بن عزیز اور ڈی جی پی آر اطہر علی خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں سابق سیکرٹری لاہور پریس کلب شفیق اعوان، سیکرٹری پریس کلب محمد شہباز میاں، نائب صدر افضال طالب، ذوالفقار علی مہتو، گوہر بٹ، جاوید فاروقی، صدر پنجاب یونین آف جرنلسٹ وسیم فاروق شاہد، صدرپنجاب یونین آف جرنلسٹ (دستور گروپ) حامد ریاض ڈوگر، جنرل سیکرٹری ایمرا ندیم چوہدری، فرزانہ چودھری اور لاہور فوٹو جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری عمر شریف شامل تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت یہاں اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔جس میں صوبے میں امن عامہ کی مجموعی صورتحال اورسکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں امن عامہ کی صورتحال اورسکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے اوراس مقصد کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ موجودہ صورتحال میں قانون نافذ کرنے والے ادارے تندہی اورجانفشانی سے فرائض سرانجام دیں۔سکولوں ،کالجوں اور یونیورسٹیوں میں سکیورٹی کے وضع کردہ پلان پر عملدر آمد یقینی بنایا جائے ۔اشتعال انگیز لٹریچر اور موادپھیلانے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ وضع کردہ سکیورٹی پلان پر عملدر آمد کے حوالے سے موثر مانیٹرنگ کانظام ہونا چاہیے۔اس مقصدکیلئے جدید ٹیکنالوجی سے مدد لی جائے ۔متعلقہ ادارے مربوط انداز میں کام کریں ۔ صوبائی وزراء میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان،رانا مشہود احمد ،ایم این اے حمزہ شہبازشریف،ترجمان پنجاب حکومت زعیم حسین قادری،ایم پی اے رانا ثناء اللہ ،معاون خصوصی رانا مقبول،آئی جی پولیس،سیکرٹری داخلہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں وفاقی وزیر ٹیکسٹائل انڈسٹری سینیٹر عباس خان آفریدی نے ملاقات کی ۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے امن ناگزیر ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پوری قوم متحد اور پرعزم ہے۔ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کرکے ہی دم لیں گے۔ پاک فوج دہشت گردوں کے خلاف جرأت اور بہادری سے برسرپیکار ہے۔ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے۔

مزید : صفحہ اول