ملائیشیاءکا ایک اور مسافر طیارہ لاپتہ ہوگیا،سرچ آپریشن بند ، لواحقین کیلئے خصوصی سیل قائم ، ایئربس نے تعاون کی یقین دہانی کرادی

ملائیشیاءکا ایک اور مسافر طیارہ لاپتہ ہوگیا،سرچ آپریشن بند ، لواحقین کیلئے ...
ملائیشیاءکا ایک اور مسافر طیارہ لاپتہ ہوگیا،سرچ آپریشن بند ، لواحقین کیلئے خصوصی سیل قائم ، ایئربس نے تعاون کی یقین دہانی کرادی

  


جکارتہ (مانیٹرنگ ڈیسک) ملائیشیاءکی نجی ایئرلائن ایئرایشیاءکا مسافر طیارہ لاپتہ ہوگیاہے جس میں مجموعی طورپر 162 افراد سوار تھے ، طیارے کے لاپتہ ہونے کے بعد سنگاپور اور انڈونیشیاءکی فضائیہ اور نیوی نے سرچ آپریشن شروع کردیاجو کئی گھنٹے بعد اندھیرے کی وجہ سے بند کردیاگیاجبکہ روسی ٹی وی نے طیارہ تباہ ہونے کا دعویٰ کردیاتاہم سرکاری طورپر ایسی کسی بھی خبر کی ابتدائی طورپر تصدیق نہیں کی گئی ۔

ایئرایشیاءنے طیارے کی گمشدگی کی تصدیق کردی ، خصوصی سیل قائم

غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ائیرایشیا ءکا بدقسمت طیارہ سورابیا سے سنگاپور جاری تھا اور اڑان بھرنے کے 42 منٹ بعد کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ بدقسمت ایئربس’ کیو زیڈ 8501 ‘میں 17بچوں ، چھ غیرملکیوں سمیت 155 مسافر اور عملے کے سات ارکان سوار تھے ، مسافروں میں سے 157کا تعلق انڈونیشیا، تین کا تعلق جنوبی کوریا، ایک کا سنگاپور، ایک کاملائیشیاءسے تھا۔ رابطہ منقطع ہونے کے بعد سنگاپورا ور انڈونیشیاءکی فضائیہ اور نیوی نے سرچ آپریشن شروع کردیاجو بعد ازاں اندھیرے کی وجہ سے بند کردیا۔

حکام کے مطابق انڈونیشین کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہونے سے قبل جہاز نے غیرمعمولی روٹ متبادل روٹ کا معلوم کیا ، اجازت مانگی جس کے بعدمقامی وقت کے مطابق صبح چھ بج کر سترہ منٹ پر رابطہ منقطع ہوگیا، پائلٹ اور معاون پائلٹ دونوں ہی تجربہ کار تھے ۔

بتایاگیاہے کہ مسافر جہاز سے جس وقت رابطہ منقطع ہوا، وہ جاوا کے جزیرے بیلی ٹونگ پر سمندرکے اوپر تھا اور 32,000 فٹ بلندی پر پرواز کررہاتھااور اُسے کہاگیاتھاکہ بادلوں سے بچنے کے لیے 38,000فٹ بلندی پر پرواز کی جائے۔

جہاز بنانیوالی کمپنی ایئربس نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی ، تفصیلات کیلئے یہاں کلک کریں ۔

نیوزایشیاءٹی وی چینل کے مطابق جزیرے پراس وقت مطلع صاف نہیں تھاجب مسافر جہاز لاپتہ ہوا۔

ایئرایشیاء کے مسافر طیارے کے لاپتہ ہونے کا امریکی صدر باراک اوباما نے نوٹس لے لیا۔وائیٹ ہاﺅس کے ترجمان کے مطابق صدر کو طیارے کی گمشدگی سے متعلق بریفنگ دی گئی اور صورتحال کو لمحہ بہ لمحہ مانیٹرکررہے ہیں ، صدرمسلسل رابطے میں ہیں۔

دوسری طرف ایک روسی ٹی وی نے دعویٰ کیاہے کہ کچھ گھنٹے پہلے لاپتہ ہونے والے ملائیشین کمپنی کے طیارے کا ملبہ مل گیاہے،یہ ملبہ جزائر بلیٹنگ کے قریب سے ملا تاہم مزید تفصیلات موصول  نہیں ہوسکیں اور  تصدیق بھی نہیں ہوسکی۔

بھارتی ٹی وی چینل ’انڈین ٹی وی ‘ کے تجزیہ کاروں کاکہناہے کہ طیارہ اغواءنہیں بلکہ کسی مصیبت میں پھنسنے کاخدشہ ہے ، پائلٹ نے متبادل راستہ مانگا تھا جس سے یہ نتیجہ نکلتاہے کہ جس راستے پر جہاز رواں دواں تھا، وہاں کوئی مشکلات تھیں جس کی وجہ سے اُس نے متبادل راستہ مانگا،آخری رابطے کے وقت جہاز سمندر کے اوپر تھااور موسم کی خرابی کی وجہ سے دھند یا اِسی طرح کے کسی مسئلے کاسامنا ہوسکتاہے ۔

لیکن انڈونیشن وزارت ٹرانسپورٹ میں ایئرٹرانسپورٹ ڈائریکٹر جوکومریواتموجو نے کہاہے کہ پائلٹ کی طرف سے مشکل میں پھنسنے کا کوئی پیغام نہیں بھیجا گیا۔

یادرہے کہ ایئرایشیاءانڈونیشیاءاور ملائیشیاءکے اشتراک سے چلنے والی نجی ایئرلائن کمپنی ہے جبکہ ملائیشیاءکے دوجہاز رواں سال لاپتہ و تباہ ہوچکے ہیں ۔

نوٹ: خبر کے اندر موجود رنگین لائنیں دوسری خبروں کی متعلقہ سرخیاں ہیں ، خبر پڑھنے کیلئے رنگین لائن پر کلک کریں تو اسی صفحے پر یہ خبر بند ہوکر متعلقہ خبر کھل جائے گی۔

مزید : بین الاقوامی /Headlines