حاجی کیمپ کے قریب ٹمبر مارکیٹ میں لگنے والی آگ پر قابوپالیاگیا
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک ) 12گھنٹے سے زائد وقت گزر جانے کے بعدحاجی کیمپ کے قریب ٹمبر مارکیٹ میں لگی آگ پر قابو پالیاگیاہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے ،آتشزدگی سے 20گودام ، 100دکانیں اور 30سے زائد رہائشی عمارتیں متاثر ہوئی ہیں اور مجموعی نقصانات کاتخمینہ کروڑوں روپے میں لگایاجارہاہے تاہم آتشزدگی کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں ۔
حاجی کیمپ کے قریب ٹمبر مارکیٹ میں لگنے والی آگ نے چند لمحوں میں لکڑی کے گوداموں اور رہائشی عمارتوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھااور فائربریگیڈ کی پانچ گاڑیاں موقع پر پہنچیں توآگ کو تیسرے درجے کی آگ قرار دے کر شہربھر سے فائربریگیڈ کی گاڑیاں طلب کرلی گئیں۔ گلیاں تنگ ہونے اور پانی کی قلت کے باعث فائربریگیڈ کے عملے کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔
آگ پھیلنے کے باعث قریبی رہائشی عمارتوں کو بھی خالی کرا لیا گیا ہے۔ ٹمبر مارکیٹ اور قریبی مساجد میں اذانیں دی جاتی رہیں جبکہ علاقے کی بجلی بند کر دی گئی۔ مکینوں کے مطابق فائربریگیڈ کے دفترجا کر اطلاع کی گئی مگر عملے کا کہنا تھا کہ گاڑیوں میں ڈیزل کے لئے بھی پیسے نہیں ہیں۔
کمشنر شعیب صدیقی امدادی اقدامات کا جائزہ لینے ٹمبرمارکیٹ پہنچے تو متاثرین نے انہیں گھیرے میں لے لیا اور احتجاج کیا۔ کمشنر نے متاثرین کو یقین دہانی کرائی کہ امدادی معاملات کو سنبھالنے موقع پر آئے ہیں۔