ٹیکس ایمنسٹی سکیم کا اعلان جنوری کے پہلے ہفتے میں ہوگا
لاہور(کامرس رپورٹر)تاجروں اور حکومت میں اتفاق ہوگیا ہے جس کے تحت اب لوگ اپنے کالے دھن کو انتہائی معمولی ٹیکس دے کر سفید کرسکیں گے۔یہ سکیم ٹیکس فائل نہ کرنے والے اور کرنے والے دونوں طرح کے لوگوں پر لاگو ہوگی اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار اس کا باقاعدہ اعلان جنوری کے پہلے ہفتے میں کریں گے جبکہ اس کا نفاذ ایک صدارتی آرڈیننس کے ذریعے ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ سکیم ایک ماہ کے لئے یکم جنوری سے نافذ العمل ہوگی اور اس کے بعد اس میں کسی بھی قسم کی توسیع نہ کی جائے گا۔ ایف بی آر اس سکیم کے ذریعے امید لگا کر بیٹھا ہے کہ حکومت کو اس طریقے سے بیس لاکھ سے زائد نئے ٹیکس دھندگان مل جائیں گے۔ یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ 20 کروڑ کی آبادی میں 10 لاکھ سے بھی کم افراد باقاعدہ ٹیکس ادا کرتے ہیں۔ جو لوگ ٹیکس ادا نہیں کرتے وہ اس سکیم کے تحت اپنے 5 کروڑ روپے تک کے کالے دھن کو سفید کرسکیں گے اور تین سال تک ان سے ان کا ذریعہ آمدن بھی نہیں پوچھا جائے گا۔ پہلے سال انہیں 5لاکھ روپے تک کے بزنس کیپٹل پر صرف ایک فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا یعنی حکومت پاکستان کو 5 لاکھ روپے کے کالے دھن پر صرف پانچ ہزار روپے ملیں گے۔ دوسرے سال یہ رقم 625,000 روپے اور تیسرے سال 782,000 ہوگی۔
تاہم اس سکیم کے تحت رئیل سٹیٹ، دکانوں، گاڑیوں اور غیر کاروباری اثاثہ جات کو سفید نہیں کرسکیں گے۔
