بد اخلاقی کے بڑھتے ہوئے واقعات تشویشناک ہیں،میاں مقصود احمد

بد اخلاقی کے بڑھتے ہوئے واقعات تشویشناک ہیں،میاں مقصود احمد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نیوز رپورٹر)امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے لاہور اپرمال کے نجی ہوٹل واقعے پراپنے شدید ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ عوام کی عزت،مال اور آبرو کی کوئی اہمیت نہیں۔آئے روز بداخلاقی کے واقعات رونماہورہے ہیں بڑھتے ہوئے جرائم کی وجہ سے لوگ عدم تحفظ کاشکار ہوچکے ہیں۔ قتل وغارت،چوری ڈکیتی اور بداخلاقی جیسے واقعات کوکنٹرول کرنے کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب سنجیدگی کے ساتھ عملی اقدامات کریں۔ لاہورہوٹل واقعہ کے ملزمان کاتعلق کسی بھی سیاسی شخصیت سے کیوں نہ ہوان کو کٹہرے میں لایاجائے اور متاثرہ خاندان کوانصاف فراہم کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کے سد باب کے لئے مجرمان کو عبرت کا نشانہ بناناہوگاجب تک قانون امیر اور غریب دونوں کے لئے برابرنہیں ہوجاتاتب تک معاشرے کی اخلاقی تربیت اور ملکی وقار کو دنیا میں بہتر نہیں بنایا جاسکتا۔انہوں نے کہاکہ ملک میں اس وقت لاقانونیت کی انتہا ہوچکی ہے تھانے غریب عوام کاتحفظ کرنے کی بجائے جرائم پیشہ افراد کے لئے آماجگاہ بن چکے ہیں۔ملکی آئین وقانون کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔18کروڑ عوام کاموجودہ فرسودہ نظام سے اعتماد اٹھ چکا ہے اس لئے ضروری ہے گڈگورننس کے محض دعوے نہیں عملی اقدامات کئے جائیں اسلام نے عورت کوبلند مقام ومرتبہ دیا ہے مگر اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے ملک میں اس کو بے آبروکر کے دھجیاں اڑائی جارہی ہیں اگر ہم اللہ اور اس کے رسولؐ کے بتائے ہوئے راستے کو اختیارکرلیں تو آج بھی حضرت عمرؓکاپُرامن اور خوشحالی کابے مثال دور واپس آسکتا ہے۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ بداخلاقی کے واقعے میں ملوث مرکزی مجرم کوگرفتار کرکے اصل حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں اور ذمہ داران کاتعین کرتے ہوئے کڑی سے کڑی سزادی جائے۔