پاکستان اور مسلم لیگ لازم اور ملزوم ہے،عبدالسبحان
مردان (بیورورپورٹ)پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی نائب صدر اور سابق صوبائی وزیر اطلاعات عبد السبحان نے کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح ایک باکردار اور سچے،کھرے رہنما تھے جنہوں نے مشکل وقت میں مسلمانوں کی بھنور میں پھنسی ہوئی کشتی کو کنارے لگایا۔وہ بانی پاکستان کی سالگرہ کے سلسلے میں اپنی رہائشگاہ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔دوسرے مقررین میں نواز شریف لورز فورم کے صوبائی صدر جاوید غزالی،جنرل سیکرٹری فخرالزمان طاہر خیلی، حبیب اللہ خان،محمد کمال خان،گل فراز خان ،شیر زمان ٹکر،سید کمال باچا،نسیم خان ایڈوکیٹ اور طاہر غنی شامل تھے۔مقررین نے قائد اعظم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مسلمانوں کو انگریزوں اور ہندؤں کی غلامی سے نجات دلا کر عظیم احسان کیا۔عبدالسبحان نے کہا کہ پاکستان اور اسکی خالق جماعت مسلم لیگ لازم و ملزوم ہے۔پارٹی کے سربراہ نوازشریف کی اولین ترجیح مسلم لیگ ہونی چاہےئے۔انہوں نے کہا کہ کارکنوں کو ان کا جائز مقام دیا جائے اور قائد کے افکار پر عمل پیرا ہو کر ہی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالا جاسکتا ہے۔
