ریاستوں قیام اور استحکام تعلیم کا مرہون منت ہے، نثار کھوڑو
کراچی (اسٹاف رپورٹر) قوموں کی ترقی و پستی اور کمال و زوال کا دارومدار تعلیم پر ہے تاریخ شاہد ہے کہ دنیا میں وہ ہی قومیں معاشی و معاشرتی ترقی کی منازل طے کرتی ہیں جو کتاب سے تعلق جوڑ کر پوری طرح علم کے زیور سے آراستہ ہوں۔سلطنتوں کا قیام اور استحکام بھی طاقت نہیں تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی کا مرہون منت ہے۔ان خیالات کا اظہارسینئر صوبائی وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو نے انڈس یونیورسٹی کے چھٹے کانووکیشن سے بحیثیت صدر مجلس خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ درسگاہیں امن کا گہوارہ ہیں اور امن ہر شہری کا بنیادی حق اور صحت مند ماحول کی اکائی ہے اور اس کے حصول کے لئے تعلیم کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے کیوں کہ امن شعور کے بغیر اور شعور علم کے بغیر ناممکن ہے لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ علم کی روشنی ہر سو پھیلائی جائے۔چانسلر محمد خالد امین نے کہا کہ گھر محلے اور شہر کے ماحول کا اثر طالب علموں کو براہ راست متاثر کرتا ہے ماحول جتنا صحت مند ہوگا تعلیم کا حصول اس قدر آسان ہوگا۔حکمران ہوں یا عام شہری انہیں تعلیم کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لئے اپنے فرائض و ذمہ داری احسن طریقے سے انجام دینی ہوں گی۔وائس چانسلر محمد احمد امین نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیم کا فروغ ادارے کی اولین ترجیح ہے کیونکہ ملک و قوم کی ترقی اور نسل نو کی مثبت رہنمائی کے لئے علم دوستی کا جذبہ پیدا کرنا اشد ضروری ہے۔موجودہ حالات جس نزاکت کا شکار ہیں وہ پوری قوم کے لئے لمحہ فکریہ ہیں لہٰذا بحیثیت قوم ہر فرد کو ہماری نوجوان نسل کو گمراہی اور مایوسی کے اندھیروں سے نکالنے کے لئے بہترین تعلیم اوراس کے لئے صحت مند ماحول فراہم کرنا ہوگا۔تقریب قومی ٹیسٹ کرکٹریونس خان ،معروف ڈزائنر منا مشتاق و دیگر نے بھی خطاب کیا اس موقع پرمہمان خصوصی نثار کھوڑو نے کامیابی حاصل کرنے والے طلباء و کالبات میں 63گولڈ میڈل ،42سلور میڈل اور اسناد تقسیم کیں جبکہ یونیورسٹی کی جانب سے قومی ٹیسٹ کرکٹر یونس حان ،اسپورٹس اینکر یحٰی حسینی اور معروف فیشن ڈزائنر منا مشتاق کو خصوصی شیلڈ پیش کی گئی۔
