برازیل نے اسرائیل کے خلاف ایسا قدم اٹھالیا جو دنیا کا کوئی ملک نہ اٹھاسکا، ہنگامہ برپا ہوگیا
یروشلم(مانیٹرنگ ڈیسک) یوں تو اسرائیل کی بربریت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں مگر اس کا ایک ثبوت یہ بھی ہے کہ فلسطینیوں کو تہہ تیغ کرنے اور ان کے جائیدادوں پر قبضے کرنے والے کو اسرائیلی حکومت بلند مرتبوں سے نوازتی ہے۔ ایسے ہی 4ماہ قبل اسرائیل نے دانی دایان نامی ایک یہودی آباد کار کو برازیل میں اپنا سفیر تعینات کر دیا مگر برازیل نے وہ اقدام اٹھایا جو آج تک کوئی اور ملک نہ اٹھا سکا۔ اس نے کمال ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلسطینیوں کی جائیدادوں پر قبضہ کرنے والے اس غاصب کو اپنے ملک میں بطور سفیر قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ دانی دایان ’’یہودی آباد کاری تحریک‘‘ کا سربراہ رہ چکا ہے اور مغربی کنارے میں اس نے فلسطینیوں کی زمینوں پر قبضے کرکے کئی یہودی بستیاں آباد کی ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے ’’روئٹرز‘‘ کی رپورٹ کے مطابق اب اسرائیلی حکومت برازیل کو دھمکیاں دینے پر اتر آئی ہے۔ اسرائیل کی طرف سے برازیل کو کہا گیا ہے کہ وہ دانی دایان کو بطور سفیر قبول کر لے ورنہ اس کو سفارتی طور پر ڈی گریڈ کر دیا جائے گا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دنیا کی زیادہ تر طاقتیں فلسطینی علاقوں میں یہودی آبادکاری کو غیرقانونی سمجھتی ہیں۔ سابق اسرائیلی سفیر ریڈا منصور گزشتہ ہفتے برازیل سے واپس اسرائیل پہنچ چکے ہیں مگر نئے سفیر کی تعیناتی پر تنازعہ حل نہیں ہو سکا۔ اسرائیل اسی غاصب کو سفیر بنانے پر بضد ہے اور برازیل بھی اپنے موقف پر قائم ہے کہ وہ اسے اپنے ملک میں سفیر تعینات نہیں کرے گا۔رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حکومت کا کہنا ہے کہ برازیل دانی دایان کو بطور سفیر قبول نہ کرکے دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات میں کشیدگی پیدا کر رہا ہے۔
اسرائیل کی نائب وزیرخارجہ زپی ہوتویلے کا ایک اسرائیلی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’’اگر برازیل نے دانی دایان کی تعیناتی قبول نہ کی تو ہم اس کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کر دیں گے اور سفارتی درجہ بندی میں برازیل کو دوسرے درجے پر لے آئیں گے۔‘‘زپی ہوتویلے کا کہنا تھا کہ ’’ہم برازیل میں موجود یہودی کمیونٹی اور برازیلی صدر کے قریبی رفقائے کار کے ذریعے برازیل پر دباؤ ڈال رہے ہیں ۔ اس کے علاوہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو براہ راست بھی برازیلی صدر سے اس معاملے پر بات چیت کر رہے ہیں۔‘‘دوسری طرف برازیل حکومت نے اس معاملے کوئی بھی موقف دینے سے انکار کر دیا ہے۔ تاہم برازیل کی وزارت خارجہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے روئٹرز کو بتایا کہ ’’برازیل کبھی دانی دایان کو بطور سفیر قبول نہیں کرے گا۔‘‘
