کسانوں کو گنے کی 180روپے فی من قیمت دلوانا حکومت مشن ہے ، وزیر زراعت پنجاب

کسانوں کو گنے کی 180روپے فی من قیمت دلوانا حکومت مشن ہے ، وزیر زراعت پنجاب

  

 لاہور(اے پی پی )وزیرزراعت پنجاب نعیم اخترخان بھابھہ نے کہا ہے وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی ہدایت پر شوگر ملز مالکان سے کسانوں کو گنے کی فی من 180 روپے قیمت دلوانا حکومت پنجاب کا مشن ہے، کسی کو کسانوں کے حق پر ڈاکہ ڈالنے اور ان کے مفادات سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، خانیوال کے دورے میں ڈی سی آفس میں ضلعی انتظامیہ کے افسروں ، شوگر ملز اور کسان تنظیموں کے نمائندوں کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے سخت ہدایات ہیں کہ شوگر ملز مالکان کسانوں سے حکومتی نرخ پر گنا خریدیں،کسانوں کو پکی رسید(پی سی آر)جا ری کی جائے،کٹوتی نہ کی جائے اور ادائیگیاں جلد کی جائیں، اجلاس میں ڈپٹی کمشنرخانیوال مظفر خان سیال، ڈپٹی کمشنر وہاڑی علی اکبر بھٹی ، اے ڈی سی آر منظور خان چانڈیہ بھی موجود تھے ، انہوں نے صوبائی وزیر کو اپنے اپنے اضلاع میں غیر قانونی کنڈوں کیخلاف کارروائی ، مقدمات کے اندراج اورگنے کی خریداری مہم کے دوران شوگرملزکی مانیٹرنگ پر ضلعی انتظامیہ کے اقدامات سے تفصیلی آگاہ کیا، وزیر زراعت نے ضلعی افسروں کو ہدا یت کی کہ گنے کی خریداری کے عمل کی خود نگرانی کریں، اس سلسلے میں شوگر ملز کے اندر وزن سے پہلے اور بعد میں ٹرالیوں کی تصاویربنائی جائیں،وزن کا اندراج کیا جائے اور کٹوتی کرنے کے عمل کا خاتمہ کرایا جائے، شوگر ملز کسانوں سے نان ورائٹی گنا خریدنے کی بھی پابند ہوں گی جبکہ نہ خریدنے والی شوگر مل کیخلاف سخت ایکشن لیا جائیگا اور اسے بند کر دیا جائے گا

، نعیم اختر بھابھہ نے وہاڑی اور خانیوال اضلاع کے کسانوں سے حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق گنے کی خریداری کو یقینی بنانے کیلئے جے کے شوگر مل کچہ کھوہ میں ڈی او انڈسٹریز زبیر عباسی کی زیر نگرانی خانیوال اور وہاڑی اضلاع کے ایک ایک افسر پر مشتمل تین رکنی کمیٹی تشکیل دینے کے احکامات بھی دیئے جو شوگر مل انتظامیہ کی جانب سے اضلاع کے کوٹہ کے مطابق گنے کی خریداری کی مانیٹرنگ کریگی۔

مزید :

کامرس -