پاکستان اور روس معاشی شعبوں میں تعاون کو فروغ دیکر فائدہ اٹھائیں : لاہور چیمبر

پاکستان اور روس معاشی شعبوں میں تعاون کو فروغ دیکر فائدہ اٹھائیں : لاہور ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(کامرس رپورٹر)لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے کہا ہے کہ پاکستان اور روس ایک دوسرے کے لیے یکساں اہم ہیں، انہیں تمام معاشی شعبوں میں تعاون کو فروغ دیکر ایک دوسرے سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل کے ہمراہ روسی سفارتخانے کے نمائندہ تجارت یوری کوزلوف سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔ معظم رشید اور حسنین رضا مرزا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملک طاہر جاوید نے پاکستان میں تجارت و سرمایہ کاری کے مواقعوں اور چین پاکستان اکنامک کاریڈور کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ توانائی اور انجینئرنگ کے شعبے میں روسی مہارت پاکستان کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے، روس نے پاکستان سٹیل ملز کے قیام میں گرانقدر تعاون کیا۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم بڑھ رہا ہے مگر یہ تسلی بخش نہیں لہذا اس سلسلے میں مشترکہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ روس ایک بڑی اور پاکستان کے لیے بہت اہم مارکیٹ ہے ۔ پاکستان روس کو ٹیکسٹائل، گارمنٹس، چاول، لیدر مصنوعات، کھیلوں کا سامان اور آلات جراحی اور فارماسیوٹیکل مصنوعات وغیرہ کی برآمد بڑھاسکتا ہے جبکہ روس پاکستان کو پاور ایکویپمنٹ، سٹیل، یوریا اور کیمیکلز بڑی مقدار میں برآمد کرسکتا ہے۔


انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئل اینڈ گیس سیکٹر میں روس کے سرمایہ کاروں کے لیے وسیع گنجائش ہے جس سے انہیں بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے دونوں ممالک کے تاجروں پر زور دیا کہ وہ فوڈ پراسیسنگ، آئل، گیس، معدنیات، توانائی، انجینئرنگ، آٹوموبیل اور انڈسٹریل کیمیکلز سمیت دیگر شعبوں میں مشترکہ منصوبہ سازی کا آغاز کریں۔

مزید :

کامرس -