محکمہ زراعت پنجاب نے کپاس کی بہتر پیداوارکیلئے جامع حکمت عملی مرتب کر لی
لاہور(اے پی پی )کپاس کی فصل کی کاشت کے دوران تجرباتی ٹرائلز کیلئے کاٹن ریسرچ اسٹیشن کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے ، راجن پور میں کاٹن ریسرچ اسٹیشن کے قیام کیلئے درکار فنڈز مختص کردئیے گئے ہیں، رکھ فاضل پور ضلع راجن پور میں ریسرچ اسٹیشن کے قیام کیلئے مختص 50 ایکڑ رقبہ حاصل کیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق آئندہ کپاس کی فصل کی کاشت کے دوران اس اسٹیشن پر تجرباتی ٹرائلز لگائے جائیں، ریشے کی لمبائی، مضبوطی، نفاست اور پیداوار کے لحاظ سے ضلع راجن پور کو نمایاں مقام حاصل ہے، زمین اور آب و ہوا کی اہمیت کے پیش نظر راجن پور میں ریسرچ اسٹیشن کا قیام ناگزیر ہوچکا تھا، کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں مزید اضافے اور آئندہ بھی بہترین قیمت کے حصول کے لیے ٹھوس لائحہ عمل اختیار کرنا انتہائی ضروری ہے ۔
محققین کی سفارشات کی روشنی میں محکمہ زراعت پنجاب نے کپاس کی آئندہ فصل کی بہتر پیداوارکے حصول کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی ہے جسے آف سیزن مینجمنٹ قرار دیا گیا ہے ۔ کپاس کی آخری چنائی کے بعد آف سیزن مینجمنٹ نہایت ضروری ہے، کاٹن ریسرچ اسٹیشن کے قیام سے کپاس کے کاشتکاروں کوغیر معمولی فائدہ پہنچے گا ۔