لاہور چیمبر کی جانب سے وزیراعظم کے مشیر خزانہ کو مبارکباد
لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے مفتاح اسماعیل کو وزیراعظم کا مشیر برائے خزانہ مقرر ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ وزیر خزانہ کے ساتھ مشیر خزانہ کا قیام عمل میں لاکر حکومت نے ثابت کیا ہے کہ وہ معاشی چیلنجز سے جلد نمٹنے کی خواہشمند ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے امید ظاہر کی کہ مفتاح اسماعیل صنعت و تجارت اور معیشت کو درپیش مسائل حل کرنے کے لیے اپنی بہترین صلاحتیں استعمال میں لائیں گے۔
ملک طاہر جاوید، خواجہ خاور رشید اور ذیشان خلیل نے وزیراعظم مشیر خزانہ پر زور دیا کہ وہ اپنی معاشی پالیسیاں زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے مرتب کریں اور پالیسی سازی کے عمل میں کاروباری برادری کی شمولیت یقینی بنائیں جس سے ترقی کی راہ پر تیزی سے آگے بڑھنے میں مدد ملے گی۔