وزیرمملکت برائے خزانہ برآمدات کے فروغ کیلئے کرداراداکریں: پی ایف سی

وزیرمملکت برائے خزانہ برآمدات کے فروغ کیلئے کرداراداکریں: پی ایف سی

لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان فرنیچر کونسل نے رانا محمد افضل خان کو وزیر مملکت برائے خزانہ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ برآمدات کو فروغ دینے کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے کے علاوہ اقتصادی معاملات اور اور خاص طور پر فرنیچر سیکٹر کو درپیش مشکلات اور چیلنجز کے حل کیلئے عملی اقدامات اور اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔ بدھ کو یہاں جاری ایک بیان میں پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ یہ اہم ترین عہدہ سنبھالنے پر ہم آپ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید کرتے ہیں کہ فرنیچر کے کاروبار کے لئے دنیا بھر میں تجارتی نمائشوں میں شرکت اور برآمدات کے فروغ کیلئے آسان اور آسانی سے قابل حصول گرانٹس کی فراہمی میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فرنیچر انڈسٹری کے دیہی اور شہری علاقوں میں فروغ اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی حوصلہ افزائی کیلئے پالیسی سازی کی ضرورت ہے جس سے نہ صرف پیداوار میں اضافہ ہو گا بلکہ فرنیچر کے کارکنوں کی مہارتوں میں بہتری آئے گی اور مقامی اور عالمی مارکیٹ کی ڈیمانڈ بھی پوری کی جا سکے گی۔

میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پاکستان کے ہاتھ سے تیار فرنیچر کا کوئی ثانی نہیں کیونکہ اس کا معیار اور ڈیزائن دنیا بھر میں منفرد ہیں اور ہر طرح کے خریداروں کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔

مزید : کامرس