قائد اعظم گیمز ریسلنگ، پنجاب کے مردوں کا 8طلائی تمغے جیت کر کلین سویپ

قائد اعظم گیمز ریسلنگ، پنجاب کے مردوں کا 8طلائی تمغے جیت کر کلین سویپ

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام دوسرے قائد اعظم بین الصوبائی گیمز میں پنجاب نے مینز ریسلنگ ایونٹ میں 8 طلائی تمغے جیت کر کلین سویپ کر لیا، اسلام آباد کی ٹیم 4 چاندی اور 3 کانسی کے تمغے جیت کر دوسرے اور خیبرپختونخوا کی ٹیم 3 چاندی اور 3 کانسی کے تمغے جیت کر تیسرے نمبر پر رہی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں جاری گیمز میں مینز ریسلنگ ایونٹ میں پنجاب نے میدان لوٹ لیا، پنجاب کے ریسلرز مکمل طور پر حریف ٹیموں کے ریسلرز پر چھائے رہے، پنجاب نے ایونٹ میں 8 طلائی تمغے جیت کر وائٹ واش کر دیا، مائنس 57 کلوگرام کیٹگری کے میں پنجاب کے فیض الحسن ، مائنس 61 کلوگرام کیٹگری میں محسن علی ، مائنس 65 کلوگرام کیٹگری میں محمد عماد ، مائنس 70 کلوگرام کیٹگری میں انتظار حسین، مائنس 74 کلوگرام میں حسن محمود ، مائنس 86 کلوگرام میں نعمان ، مائنس 97 کلوگرام میں طیب رضا ، 125 پلس کیٹگری میں محمد اویس نے طلائی تمغہ جیتا۔ ویٹ لفٹنگ ایونٹ میں پنجاب کے شرجیل بٹ اور صعیب کلیم نے سونے کے تمغے جیت لئے۔ 56 کلوگرام کیٹگری میں پنجاب کے شرجیل بٹ نے ، 62 کلوگرام میں صہیب کلیم نے سونے کا تمغہ جیتا۔ نیٹ بال ایونٹ میں خواتین اور مردوں کے مقابلوں میں پنجاب اور سندھ کی ٹیموں نے فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ مردوں کے سیمی فائنل میں سندھ نے خیبرپختونخوا کو 24-20 گول سے جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں پنجا ب نے بلوچستان کو 24-3 گولز سے ہرا کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا، اسی طرح خواتین کے مقابلوں میں پہلے سیمی فائنل میچ میں سندھ نے خیبرپختونخوا کو، دوسرے سیمی فائنل میچ میں پنجاب نے اسلام آباد کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔ خواتین فٹ بال ایونٹ میں اسلام آباد اور پنجاب کی ٹیموں نے فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا، فائنل آج کھیلا جائے گا۔پہلے سیمی فائنل میں اسلام آباد نے سندھ کو 3-1 جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں پنجاب نے خیبرپختونخوا کو 7-0 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی ۔ مردوں کے فٹ بال مقابلوں میں اسلام آباد کی ٹیم سیمی فائنل میں شکست کے بعد ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئی،بلوچستان نے اسلام آبادکو 3-1 گولز سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی