سندھ کے عبدالمعید اور پنجاب کی توراب کا 200 میٹر میں ٹائٹلز کا کامیاب دفاع
اسلام آباد(این این آئی) پاکستان سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام دوسرے قائد اعظم بین الصوبائی گیمز ایتھلیٹکس کے ایونٹس میں سندھ کے عبدالمعید نے مینز اور پنجاب کی توراب زہرہ نے ویمنز 200 میٹر دوڑ میں طلائی تمغے جیت کر اپنے اپنے ٹائٹلز کا کامیاب دفاع کیا، پنجاب کی انیلہ نے 800 میٹر ویمنز جبکہ بلوچستان کے افتخار نے 1500 میٹر دوڑ میں طلائی تمغے حاصل کئے۔ پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں جاری گیمز میں بدھ کو مینز 200 میٹر دوڑ میں سندھ کے 100 میٹر دوڑ کے چیمپئن عبدالمعید نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ فاصلہ 21.82 سیکنڈز میں طے کر کے نہ صرف طلائی تمغہ جیتا بلکہ اپنے ٹائٹل کا کامیاب دفاع بھی کیا۔
، عبدالمعید 100 اور 200 میٹر دوڑ میں ٹائٹلز کا کامیاب دفاع کرنے میں کامیاب رہے، انہوں نے گزشتہ برس منعقدہ پہلے قائد اعظم گیمز میں بھی 100 اور 200 میٹر دوڑ کے ایونٹس میں طلائی تمغے جیتے تھے، سندھ کے عمر سادات نے چاندی اور خیبرپختونخوا کے صعیب محفوظ نے کانسی کے تمغے جیتے، دوسری جانب ویمنز 200 میٹر دوڑ میں پنجاب کی توراب زہرہ نے مقررہ فاصلہ 28.00 سیکنڈز میں طے کر کے طلائی تمغہ اپنے نام کیا اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے ٹائٹل کا کامیاب دفاع کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا