الخدمت فاؤنڈیشن کی کرسمس کی مناسبت سے تقریب ، 500مسیحی خاندانوں میں تحائف تقسیم

الخدمت فاؤنڈیشن کی کرسمس کی مناسبت سے تقریب ، 500مسیحی خاندانوں میں تحائف ...

لاہور(پ ر)الخدمت فاؤنڈیشن کے سماجی خدمات پروگرام کے تحت کرسمس کی مناسبت سے ٹاؤن شپ کے مقامی سکول میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیاجس میں الخدمت فاؤنڈیشن نے فاؤنڈیشن آف دی فیتھ فل کے تعاون سے 500مسیحی خاندانوں میں گرم کپڑوں اور راشن پیکجز پر مشتمل کرسمس تحائف تقسیم کئے۔تقریب کے مہمانِ خصوصی جماعت اسلامی کے مرکزی جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ تھے جبکہ صدارت الخدمت فاؤنڈیشن کے سینئر نائب صدر سید احسان اللہ وقاص نے کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ ایسی تقریبات کے انعقاد سے ملی اتحاداور اقلیتوں کے حقوق اور تحفظ کے جذبے کو فروغ ملے گا۔ الخدمت فاؤنڈیشن نے انسانیت کی بلا تعصب رنگ و نسل اور مذہب خدمت کرکے عظیم مثال قائم کی ہے ۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے سینئر نائب صدر سید احسان اللہ وقاص نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے سماجی خدمات پروگرام کے تحت ملک بھر میں مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کے مذہبی تہواروں پر مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے تاکہ خدمت خلق کے ساتھ ساتھ مذہبی ہم آہنگی کی فضا قائم ہو۔

خوشیاں منانا ہر انسان کا بنیادی حق ہے اور ایسے لوگ جو کسی بھی وجہ سے ان سے محروم رہ گئے ہیں ہمیں انکی خوشیوں میں بڑھ چڑھ کرشامل ہونا چاہیئے۔ تقریب میں مسیحی مردو خواتین سمیت معززین علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 4