اوور سیز کمیشن کی کاوشیں،سمند پار مقیم پاکستانی کو جائیداد کا قبضہ واپس مل گیا
لاہور(اپنے نمائندے سے )اوورسیز پاکستانیز کمیشن(اوپی سی)پنجاب کی کاوشوں سے سمندر پار مقیم پاکستانی کو اپنی 2 کروڑ 40 لاکھ روپے مالیت زرعی اراضی کا قبضہ واپس مل گیا ہے۔ اس اراضی پر بھتیجے نے زبردستی قبضہ کر رکھا تھا ۔ یہ بات وائس چیئر پر سن او پی سی شاہین خالد بٹ اور کمشنر افضال بھٹی نے کمیشن کے افسران کے ہفتہ وار اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی۔ڈائریکٹر جنرل سید جاوید اقبال بخاری، ایڈیشنل ڈی جی آغا یوسف ،ڈائریکٹرز اسد نعیم، راجہ محمد زبیر اور دیگر سنیئر افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔ وائس چیئرپرسن اور کمشنر او پی سی نے بتایا کہ برطانیہ میں مقیم سلطان محمد نے کمیشن کو شکایت درج کروائی کہ ان کے بھتیجے نے چک 11 ۔ایل تحصیل چیچہ وطنی ضلع ساہیوال میں واقع ان کی ساڑھے آٹھ ایکڑ زرعی زمین پر قبضہ کر لیا ہے، جس کو واگذار کرایا جائے۔ شاہین خالد بٹ اور افضال بھٹی نے بتایا کہ اس شکایت کو مزید کارروائی کیلئے ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیٹی ساہیوال کو ریفر کیا گیا جس کے ارکان کی معاونت سے مذکورہ زمین سے ناجائز قبضہ ختم کراکے اسے اصل مالک کے حوالے کر دیا گیا۔
او پی سی