خیبر پختونخوا ، 75ہزار 722مستقل ملازمین کی اپ گریڈیشن ، 4743کی ریگولر ائزیشن کی منظوری

خیبر پختونخوا ، 75ہزار 722مستقل ملازمین کی اپ گریڈیشن ، 4743کی ریگولر ائزیشن کی ...

  

پشاور (آئی این پی )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے صوبے میں مختلف سرکاری محکموں کے 75 ہزار722 مستقل ملازمین کی اپ گریڈیشن اور 4743 کنٹریکٹ ملازمین کی ریگولرائزیشن کی با ضابطہ منظوری دیدی ہے، اس کا فیصلہ انہوں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا ،اس موقع پر وزیر اعلیٰ کو مختلف پراجیکٹس کے عارضی ملازمین اور اپ گریڈ ہونے والے مستقل ملازمین کی مجموعی صورت حال سے آگاہ کیا گیا جس کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد وزیر اعلیٰ نے ان ملازمین کی ریگولرائزیشن اور اپ گریڈیشن کی ہدایت کی نیز اس ضمن میں پیش کردہ سمری پر باضابطہ دستخط کئے ۔انہوں نے تمام محکموں میں الگ پلاننگ سیل قائم کرنے کی ہدایت بھی کی تاکہ ہر سیل صوبائی اور ضلعی سطح پر مقامی انتظامیہ کی معاونت سے تعمیر و ترقی کا عمل تیز کرنے ، محکموں کی کارکردگی اور خدمات کی بہتری کیلئے مربوط کام کرے وزیر اعلیٰ نے تمام سرکاری اداروں میں نظام کی بہتری اور زیادہ سے زیادہ شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ملازمین کی ریگولرائزیشن سے اداروں کی کارکردگی میں واضح بہتری آنی چاہئے اور اس کا تمام تر فائدہ عوام کو ملنا چاہئے۔ صوبائی حکومت نے ہزاروں ملازمین کی اپ گریڈیشن اور ریگولرائزیشن کے ذریعے انہیں حسن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور عوام کو ریلیف پہنچانے کیلئے سازگار ماحول پیدا کیا ہے اب سرکاری ملازمین کا بھی فرض ہے کہ وہ اپنی تمام تر توانائیاں عوام کی خدمت کیلئے وقف کر دیں ،انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ ملازمین کی ریگولرائزیشن اور اپ گریڈیشن کا مکمل ڈیزائن تیار کرکے کابینہ کے اگلے اجلاس میں پیش کریں تاکہ اسے منظوری دے کر صوبائی اسمبلی سے قانون سازی کی جائے۔

ملازمین مستقل

مزید :

علاقائی -