این اے 154 میں ضمنی الیکشن روکنے کی درخواست دائر

این اے 154 میں ضمنی الیکشن روکنے کی درخواست دائر

  

اسلام آباد(صباح نیوز)جہانگیر ترین کی نااہلی کے بعد لودھراں کے حلقے این اے ایک سو چون میں ضمنی انتخابات روکنے کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے ۔بدھ کو درخواست ایڈووکیٹ شاہد اورکزئی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی، درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل دوسو چوبیس کے تحت قومی اسمبلی کی نشست پرآخری چار ماہ میں انتخابات نہیں ہو سکتے، کیونکہ اگر جہانگیر ترین عدالت سے بحال ہو گئے تو انتخاب کالعدم قرار ہوجائے گا۔درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ بارہ فروری کے ضمنی الیکشن کا کامیاب امیدوار قومی اسمبلی نشست کا حلف بھی نہیں لے سکے گا، کیونکہ قومی اسمبلی اکتیس مئی دوہزار اٹھارہ کو اپنی مدت پوری کرلے گی۔ایڈووکیٹ شاہد اورکزئی نے اپنی درخواست میں الیکشن کمیشن کو فریق بنایاہے۔واضح رہے کہ پندرہ دسمبر کو سپریم کورٹ نے مسلم لیگ کے رہنما حنیف عباسی کی جانب سے پی ٹی آئی رہنماوں کی نااہلی اور پاکستان تحریک انصاف کی غیر ملکی فنڈنگ کیس کے خلاف دائر درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کے خلاف ان کی پٹیشن کو خارج کردیا جبکہ جہانگیر ترین کو آئین کے آرٹیکل 62 کے تحت نا اہل قرار دے دیا تھا۔

مزید :

صفحہ آخر -