سپیشل آپریشنز یونٹ پولیس کے ماتھے کا جھومر ثابت ہوگا،ایوب گادھی

سپیشل آپریشنز یونٹ پولیس کے ماتھے کا جھومر ثابت ہوگا،ایوب گادھی

لاہور(کرائم رپورٹر)صوبائی وزیر برائے انسداد دہشت گردی لیفٹیننٹ کرنل (ر) سردار ایوب خان گادھی نے کہا ہے کہ جدید ہتھیاروں سے لیس، منظم اورا علی تربیت یافتہ سپیشل آپریشنز یونٹ کا دستہ فرض شناسی اور بہادری کی نئی روایات قائم کرتے ہوئے پنجاب پولیس کے ماتھے کا جھومر ثابت ہوگا اوردرپیش تمام چیلنجز میں خطرناک ڈاکوؤں اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز میں ہراول دستے کاکردار ادا کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح ایلیٹ فورس کو پنجاب پولیس میں نمایاں حیثیت حاصل ہے اسی طرح سپیشل آپریشنز یونٹ کے سر بکف جوان اپنی پیشہ ورانہ قابلیت سے ایثار ، قربانی اور بہادری کی نئی روایات قائم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ایلیٹ ٹریننگ سنٹر بیدیاں میں سپیشل آپریشنز یونٹ کے پاس آؤ ٹ ہونے والے پہلے دستے کی پریڈ کے دوران شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنی نوعیت کے اس پہلے یونٹ کی تربیت میں فزیکل ٹریننگ سکلز کے علاوہ کاؤنٹر ٹیررزم آپریشنز سمیت دیگر اہم کورسسز کو خاص طور پر شامل کیا گیا تاکہ یہ جوان اپنی بہترین کارکردگی سے باقی فورس کیلئے روشن مثال بن سکیں ۔پاسنگ آؤٹ پریڈ میں ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی امجد جاوید سلیمی نے بطور قائم مقام انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شرکت کی ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ سپیشل آپریشنز یونٹ کی تربیت پاکستان آرمی کی بہترین یونٹ ایس ایس جی سے ریٹائرڈ انتہائی قابل افسران کی زیر نگرانی مکمل ہوئی ہے جن کی قابلیت نے سپیشل آپریشنز یونٹ کے ان جوانوں ایسی دو دھاری تلوار بنادیا ہے جس کی موثر کاروائیوں سے پنجاب پولیس کی تاریخ میں عزم و حوصلے اور شجاعت کے نئے ابواب کا اضافہ ہوگا ۔

مزید : صفحہ آخر