ہمارے عدالتی نظام میں بہتری کی گنجائش موجود ہے، مصدق ملک

ہمارے عدالتی نظام میں بہتری کی گنجائش موجود ہے، مصدق ملک

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا امور ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ ہمارے عدالتی نظام میں بہتری کی گنجائش موجود ہے، ملک میں ایسا نظام عدل چاہتے ہیں جو مساوی بنیادوں پر سب کیلئے ایک جیسا ہو، ملکی نظام کو مستحکم بنانے کیلئے ضروری ہے تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے کام کریں۔ بدھ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ملک میں آئین وقانون کی بالا دستی پر یقین رکھتی ہے، انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں ایسا نظام عدل چاہتے ہیں جومساوی بنیادوں پر سب کیلئے ایک جیسا ہو۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو اپنے قائد محمد نواز شریف کی نااہلی کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر تحفظات تھے جو ہم نے عوام کے سامنے بھی پیش کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے عدالتی نظام میں بہتری کی گنجائش موجود ہے کیونکہ ماضی میں عدالتوں نے کچھ متنازعہ فیصلے بھی کئے ہیں انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک آف شور کمپنی کے مالک تھے جس کا اعتراف انہوں نے خود کیا ہے، انہوں نے کہا کہ ملکی نظام کو مستحکم بنانے کیلئے ضروری ہے کہ تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے تسلیم کیا ہے کہ ماضی میں ان سے غلطیاں ہوئیں ہیں تاہم ان غلطیوں سے ہم نے سیکھا ہے اور اب ملک درست سمت پر گامزن ہے۔

مزید : صفحہ آخر