مقبوضہ کشمیر، نور محمدد تانترے کی شہادت پر پلوامہ میں دوسرے روز بھی ہڑتال

مقبوضہ کشمیر، نور محمدد تانترے کی شہادت پر پلوامہ میں دوسرے روز بھی ہڑتال

سرینگر (این این آئی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے شہری نور محمد تانترے کی شہادت پر ضلع پلوامہ میں دوسرے روز بھی ہڑتال کی گئی۔ دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے سڑکوں پر ٹریفک کی آمد ورفت معطل رہی۔ بھارتی پولیس نے جموں وکشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وازہ کو دیگر متعدد پارٹی کارکنوں کے ساتھ اسلام آباد کے علاقے کھنہ بل میں اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ شہید نور محمد تانترے کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ترال جا رہے تھے۔ گرفتاری کے بعد انہیں اسلام آباد قصبے کے تھانہ صدر میں منتقل کیا گیا۔میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کنٹرول لائن پر جاری کشیدی پرسخت تشویش ظاہر کی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق حریت فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری بیان میں بھارت پر زور دیا کہ وہ اپنا سخت اور غیرحقیقت پسندانہ مؤقف ترک کر کے تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے کشمیریوں اور پاکستان کیساتھ ایک بامعنی مذاکراتی عمل کا آغاز کرے۔ کنٹرول لائن پر گولہ باری سے دنوں جانب قیمتی انسانی جانوں اور املاک کا ضیاع ہو رہا ہے جو افسوسناک ہے۔ حریت فورم نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیری نور محمد تانترے کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ فورم نے کہا کہ کشمیری نوجوان بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کیلئے اپنا لہو بہا رہے ہیں جو ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔ حریت رہنماؤں آسیہ اندرابی، ظفر اکبر بٹ اور جموں وکشمیر پیپلز فریڈم لیگ نے بھی شہید نو ر محمد تانترے کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

مزید : صفحہ آخر