قوم کا وقت برباد کرنے والوں کیلئے آئندہ انتخابات میں شکست نوشتہ دیوار ہے : شہبازشریف

قوم کا وقت برباد کرنے والوں کیلئے آئندہ انتخابات میں شکست نوشتہ دیوار ہے : ...

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت سے بڑھ کر اور کوئی ترجیح نہیں ہوسکتی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گزشتہ ساڑھے چار سال کے دوران عوام کی بے لوث خدمت کی ہے۔ موجودہ حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے اور جنوبی پنجاب میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے گئے ہیں۔ مخالفین کی منفی سیاست کی پرواہ کئے بغیر ترقی کے سفر کو تیزی سے آگے بڑھا رہے ہیں۔ عوام دھرنے اور نعرے نہیں بلکہ اپنے مسائل کا عملی حل چاہتے ہیں اور عوام بخوبی جانتے ہیں کہ کون دعوے اور کون ان کی خدمت کر رہا ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد تبدیلی کے نعرے لگانے والوں کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔ اپنے صوبے میں ایک میگاواٹ بجلی پیدا نہ کرنے والے ترقی کے عمل سے خائف ہیں۔انہوں نے کہا کہ دھرنے والوں نے اپنے صوبے میں عوام کی کوئی خدمت نہیں کی۔ملک و قوم کا قیمتی وقت دھرنوں اور لاک ڈاؤن کے ذریعے ضائع کرنے والوں نے صرف ذاتی مفادات کی سیاست کی ہے۔ باشعور عوام کو تبدیلی کے کھوکھلے دعووں سے نہیں بہلایا جاسکتا کیونکہ عوام جانتے ہیں کہ دھرنوں اور خالی نعروں سے تبدیلی نہیں آتی۔ تبدیلی کے جعلی دعویداروں نے قوم کا وقت برباد کرنے کے علاوہ عوام کے لئے کچھ نہیں کیا۔ عوامی خدمت کے جذبے سے عاری ان افراد کے پاس عوام کے لئے کچھ نہیں۔ قوم کا وقت برباد کرنے والوں کے لئے آئندہ انتخابات میں شکست نوشتہ دیوار ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ توانائی کے منصوبوں کی تیزرفتار اور معیاری تکمیل ہماری کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اقتدار سنبھالتے ہی کوئی لمحہ ضائع کئے بغیر توانائی کے منصوبوں پر کام کیا۔دریں اثناء شہباز شریف سے ائیر پورٹ پر چا ئنہ ریلوے۔نورینکو کے وفد نے ملاقات کی ۔وفد کی قیادت چائنہ ریلوے کے صدرجو کر رہے تھے۔چائنہ ریلوے ، نورینکو کے وفد نے لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کو جلد سے جلد مکمل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہم وزیراعلی شہبازشریف کے ویژن کے مطابق منصوبے کی جلد تکمیل کے لئے پوری توانائیاں بروئے کار لائیں گے اور الیکٹریکل اور مکینیکل کام کی جلد تکمیل کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔محمد شہباز شریف سے وزیر مملکت مذہبی امور پیر امین الحسنات شاہ اور چیئرمین قرآن بورڈ پنجاب مولانا غلام محمد سیالوی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اتحاد و اتفاق کی جتنی ضرورت آج ہے شاید پہلے کبھی نہ تھی۔ پاکستان ہم سب کا سانجھا ملک ہے، اس کی ترقی اور خوشحالی کے سفر کو مل کر طے کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی مفادات کے سامنے ذاتی مفادات کی کوئی حیثیت نہیں۔ زندگی کے ہر طبقے نے پاکستان کو آگے لے جانے میں اپنا حصہ ڈالنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے ۔

شہباز شریف

مزید : صفحہ اول