خصوصی طیارے کی آمد ، شہباز کی سعودی عرب پرواز
لاہور،اسلام آباد(جنرل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سعودی عرب روانہ ہوگئے ، وہ سعودی عرب میں عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے اور سعودی عرب میں ملاقاتیں بھی کریں گے ،وزیراعلی سعودی عرب کی جانب سے بھجوائے گئے خصوصی طیارے میں سعودی عرب روانہ ہوئے ، آن لائن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی سعودی عرب روانگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ بدھ کے روز ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا قوم شہباز شریف کے اچانک دورہ سعودی عرب کے بارے میں جاننے میں دلچسپی رکھتی ہے۔مسلم لیگ (ن) کے قریبی ذرائع کے مطابق شہباز شریف سعودی شاہ سلمان کی دعوت پر سعودی عرب روانہ ہوئے۔ذرائع نے کہا کہ سعودی سفیر نے 3 روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی تھی اور انہیں شاہ سلمان کی طرف سے فوری ملاقات کا پیغام دیا تھا۔ملاقات کے پیغام کے بعد شہباز شریف نے نواز شریف کی اجازت سے شاہ سلمان سے ملاقات کی حامی بھری اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے شاہی خاندان کا خصوصی طیارہ بھیجا گیا۔مسلم لیگ ن کے ذرائع کا کہنا تھا کہ سعودی قیادت کو امریکا کی طرف سے پاکستان کو دی جانے والی دھمکیوں پر تشویش ہے، شہباز شریف اپنے دورے میں سعودی فرمانروا اور ولی عہد محمد سلمان سے ملاقاتیں کریں گے جن میں دونوں ممالک امریکی دھمکیوں پر متفقہ لائحہ عمل طے کریں گے۔ذرائع کے کہا کہ امریکی دھمکیوں کے معاملے پر سعودی عرب پاکستان کی مدد کی خواہش رکھتا ہے۔
سعودیہ پرواز