سرکاری ناکارہ گاڑیوں کی نیلامی،صوبائی حکومت نے شفافیت کو اپنا اولین اصول بنایا ہے :مظفر سید ایڈوکیٹ

سرکاری ناکارہ گاڑیوں کی نیلامی،صوبائی حکومت نے شفافیت کو اپنا اولین اصول ...

پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت شفافیت کو اپنا اولین اصول کے طور پر اپناتے ہوئے صوبے کی آمدن بڑھانے کیلئے ایسی اقدامات اٹھا رہی ہے جن کا مقصد مالی و معاشی استحکام کیلئے خود انحصاری و خود کفالت پیدا کرنا اور اپنے ہی وسائل کو بروئے کار لانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پرانی و ناکارہ سرکاری گاڑیوں کی شفاف نیلامی کے ذریعے نہ صرف قومی خزانے کو خاطر خواہ فائدہ ہوگا بلکہ اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز پشاور میں مختلف اقسام کی سرکاری ناکارہ و پرانی گاڑیوں کی نیلامی کی نگرانی کرتے ہوئے کیا۔ نیلامی کا انعقاد محکمہ انتظامیہ خیبر پختونخوا نے کیا تھا جس میں مختلف اقسام کی 70 چھوٹی بڑی گاڑیوں کے علاوہ 28 موٹر سا ئیکلز کو بھی نیلامی کیلئے پیش کیا گیا۔ صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید جو کہ آکشن کمیٹی کے چےئر مین بھی ہیں نے اس پورے عمل کی نگرانی کی جبکہ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ انتظامیہ عرفان اللہ وزیر کے علاوہ کمیٹی میں شامل محکمہ فنانس ، ایکسائز و ٹیکسیشن، انتظامیہ اور ٹیلی کمیونیکیشن کے محکمہ جات کے نمائندوں نے شرکت کی۔ مذکورہ نیلامی نہایت شفاف طریقے سے ہوئی جس میں خریداروں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید نے نیلامی میں شفافیت پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اس کے ذریعے صوبائی خزانے کو خاطر خواہ فائدہ ملے گا

مزید : کراچی صفحہ اول