تعمیراتی کاموں کو جلد مکمل کیا جائے، محمود خان

تعمیراتی کاموں کو جلد مکمل کیا جائے، محمود خان

  

مٹہ ( نمائندہ پاکستان )خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی و کھیل اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے صدر محمود خان نے قومی تعمیر نو کے محکموں کے سربراہان سے کہا کہ وہ ضلع سوات میں مفاد عامہ کے تمام منصوبوں پر تعمیراتی کام کی رفتار مزید تیز کرکے جلد از جلد ان کی تکمیل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ صوبائی حکومت کر شروع کردہ اربوں روپے کی لاگت کے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں کسی قسم کے تاخیری حربے اور رکاوٹوں کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔یہ بات انہوں نے بدھ کے روز ٹی ایم اے آفس مٹہ سوات میں ضلع سوات بالخصوص اپنے حلقہ نیابت میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لینے کے سلسلے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں مواصلات و تعمیرات، آبپاشی و آبنوشی، ایس آر ایس پی اور دیگرمحکموں کے سربراہان موجود تھے۔ اجلاس میں پی کے 84 مٹہ سوات میں جاری اور نئے منصوبوں جن میں آبپاشی و آبنوشی سڑکوں اور پلوں،طبی و تعلیمی اداروں، ریسکیوں 1122، گرلز ڈگری کالج کی عمارتوں، مٹہ سپورٹس کمپلکس اور پلے گراؤنڈ وغیرہ کے منصوبوں پر کام کی رفتار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر نے اجلاس کے دوران تعمیراتی کاموں میں ہونے والی پیش رفت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہے البتہ ان منصوبوں کو عوامی فلاح و بہبود کے پیش نظر جلد از جلد مکمل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے منصوبوں پر بھی جلد از جلد تمام ترقانونی کاروائی مکمل کر کے ایک ہفتہ کے اندر ٹھیکداروں کو ورک آرڈر جاری کیا جائے تا کہ ان منصوبوں پر بروقت تعمیراتی کام شروع ہو سکے۔ اس موقع پر انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ کام چور اور سستی برتنے والے ٹھیکداروں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے انہیں بلیک لسٹ کیا جائے

مزید :

پشاورصفحہ آخر -