بینظیر بھٹو کا یوم شہادت کشمیر بھرمیں عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا

بینظیر بھٹو کا یوم شہادت کشمیر بھرمیں عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


مظفرآباد (بیورورپورٹ) سابق وزیراعظم پاکستان دختر مشرق محترمہ بینظیر بھٹو کا دسواں یوم شہادت ملک بھر کی طرح ریاست جموں وکشمیر میں بھی انتہائی عقیدت و احترام ، نظریاتی جوش و خروش اور اس تجدید عہد سے منایا گیا ۔ جب تک ملک میں جمہوریت کے استحکام ، فرسودہ نظام کی تبدیلی ، دہشتگردی ، لاقانونیت ، طبقاتی نظام کا خاتمہ نہیں ہوتا ہماری جہد مسلسل جاری رہے گی گزشتہ روز برسی کی پر وقار تقریبات آزادکشمیر کے تمام ضلعی، سٹی، تحصیل مقامات پر منعقد ہوئیں جبکہ دارالحکومت مظفرآباد میں صبح کا آغاز دربار عالیہ سائیں سخی سہیلی سرکار کی جامع مسجد میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا جس میں مرکزی سیکرٹری ریکارڈ شوکت جاوید میر، سابق ایڈمنسٹریٹر بلدیہ سردار مبارک حیدر، ضلعی جنرل سیکرٹری پرویز مغل، شیخ اظہر سردار دانش کے علاوہ دینی مدارس کے طلباء اساتذہ نے کثیرتعداد میں شرکت کی اور سینٹرل پریس کلب میں مرکزی تقریب کا پارٹی پی ایس ایف کے باہمی اشتراک سے انعقاد کیا گیا۔ جس کے مہمان خصوصی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری ریکارڈ شوکت جاوید تھے اور صدارت سابق وزیر حکومت محمد حنیف اعوان نے کی۔ محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی کے سلسلہ میں پی پی آزادکشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر کی رہائشگاہ پر خواتین کا بہت بڑا اجتماع ہوا۔ جس میں قرآن خوانی فاتحہ خونای کی گئی۔ اس طرح محترمہ بینظیر بحٹو کی اور ان کے ساتھیوں کی عظیم ترین قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیئے سٹی سیکرٹریٹ میں بلڈ کیمپ کا انعقاد بھی کیا گیا۔ جس میں خون کے عطیات دیئے گئے۔ جس کی میزبانی سٹی کے رہنما شیخ اظہر نے کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر تقریب محمد حنیف اعوان شوکت جاوید میر نے کہا کہ ایٹمی پاکستان میزائل ٹیکنالوجی ، متفقہ آئین ، شہید ذوالفقار علی بھٹو ، شہید بینظیر بھٹو کے تحفے ہیں۔ 2018 کے عام انتخابات میں پارٹی کی فتح اور بلاول بھٹو وزیراعظم پاکستان منتخب ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ آج تجدید عہد کا دن ہے ، ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نظریات و افکارکے مطابق اپنی جدوجہد تحریک آزادی کشمیر کیلئے جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے ملک کو مشکلات کے بھنور سے نکالا، غریب مزدور، محنت کش طبقہ کے حقوق کیلئے جدوجہد کی ۔ وڈیرہ شاہی کے خاتمہ کیلئے جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے مشن کو جاری رکھیں گے اور ان کی جلائی ہوئی شمع کو کبھی بجھنے نہیں دینگے۔ اس موقع پر محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت کی گئی۔ پارٹی کارکنوں نے اس موقع پر کشمیر کی آزادی ، شہدائے کشمیر کے بلندی درجات کیلئے بھی خصوصی دعا کی ۔