زلزلہ متاثرہ علاقوں میں تعلیمی منصوبوں پر 65% وسائل خرچ کررہے ہیں،ابوبکرامین

زلزلہ متاثرہ علاقوں میں تعلیمی منصوبوں پر 65% وسائل خرچ کررہے ہیں،ابوبکرامین

  

مظفرآباد (بیورورپورٹ) آزادکشمیر کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں تعمیرنوپروگرام کے تحت زیر تعمیر شعبہ تعلیم کے منصوبوں پر 65فیصد مالیاتی وسائل خرچ کئے جارہے ہیں ۔بحیثیت ڈپٹی چیئرمین ایرا تعلیم ،صحت ،جنگلات ، اورعوامی اہمیت کے حامل منصوبوں کو زیادہ سے زیادہ مالیاتی وسائل فراہمی کی کوشش کی تاکہ زلزلہ متاثرہ علاقوں کے عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچ سکے ،ان خیالات کااظہار بریگیڈئر ابوبکر امین باجوہ ڈپٹی چیئرمین ایرانے سیکرٹری سیراسردارمحمد فاروق تبسم کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب کی صدارت سیکرٹری سیرا سردارمحمدفاروق تبسم نے کی، اس موقع پر سیکرٹری جنگلات سید ظہورالحسن گیلانی ،ڈی آئی جی سردارگلفراز ،ممبر ایراء بورڈ زاہد امین کاشف ،جنرل منیجر نیسپاک میر محی الدین بھی موجود تھے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹر ی سیرا سردار محمدفاروق تبسم نے کہا کہ ڈپٹی چیئرمین ایرا نے اپنی دوسالہ تعیناتی کے دوران زلزلہ متاثرہ علاقوں میں جاری تعمیرنوپروگرام کے تحت منصوبوں کی تکمیل کیلئے انتہائی مخدوش حالات میں مالیاتی وسائل کی فراہمی کیلئے بھرپورقائدانہ کردارادا کیا ،انہوں نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے تعمیرنو منصوبوں کی تکمیل کیلئے موثر مانیٹرنگ کی ۔ڈپٹی چیئرمین کے عرصہ تعیناتی میں تعلیم ،صحت ،گورننس ،جنگلات ،تحفظ ماحولیات سمیت دیگر سیکٹرز میں 191منصوبے مکمل کئے گئے جبکہ 1491منصوبوں پر کام تکمیل کے مختلف مراحل پر ہے ۔انہوں نے ایک ایسے وقت میں ایرا کی قیادت سنبھالی تھی جب ایرا ء مالیاتی وسائل کی قلت کے باعث تعمیر نو منصوبوں پر تعمیراتی کام تعطل کا شکار تھا ،انہوں نے بہترین ٹیم لیڈر کی حیثیت سے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو بروئے کارلاتے ہوئے تعمیرنومنصوبوں کو پھر سے فعال کیا۔اُن کی قیادت میں مظفرآباد ،باغ اورراولاکوٹ میں اربن ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت چین کے تعاون سے شہری علاقوں میں عالمی معیار کی سہولیات تعمیر کی گئیں،ڈپٹی چیئرمین ایرا کی ذاتی دلچسپی کی وجہ سے تعلیم ،صحت ،آب رسانی کے شعبوں میں منصوبوں کی بروقت،معیاری ، تکمیل پر جرمن حکومت کی جانب سے 5.2ارب روپے کا قرض معاف کیا گیا ،سردارمحمدفاروق تبسم سیکرٹری سیرا نے کہا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ جس طرح انہوں نے بطور ڈپٹی چیئرمین ایرا سیرا کی سرپرستی کی وہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی اپنے تجربے اورخداداد صلاحیتوں سے ہماری رہنمائی کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ڈپٹی چیئرمین ایرا بریگیڈئر ابوبکر امین باجوہ نے کہا کہ کشمیر جنت نظیر ہے میں نے بطور کپتان 1991 میں ضلع باغ سے سروس کا آغاز کیا اورسیز فائرلائن پر اگلے مورچوں تک پیدل سفر کیا میر اکشمیر کے ساتھ دل وروح کا رشتہ ہے ،آٹھ اکتوبر 2005ء کے زلزلہ کی قدرتی آفت کے بعد تعمیرنوپروگرام سے وابستہ ہوا تو میری دلی خواہش تھی کہ اس قدرتی سانحہ کے نتیجہ میں زندہ بچ جانے والوں کیلئے معیاری سہولیات تعمیر کرکے اُن کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے اپنا حصہ ڈالوں ، مجھے خوشی ہے کہ آج زلزلہ متاثرہ علاقوں میں عالمی معیار کی سہولیات عوام کو میسر ہیں جن سے عوام مستفید ہورہے ہیں ۔تقریب میں ڈائریکٹر پروٹوکول ایرا کرنل مرتضیٰ ، ڈائریکٹرز ایرا عابد غنی میر ،وزیرخان مغل ،عبدالرشید کرناہی ایڈوکیٹ،محترمہ ناہید عباسی ،اکرام الحق ،پروگرام منیجرڈی آر یو مظفرآباد چوہدری محمدفرید ،پروگرام منیجر ڈی آر یو باغ طاہر خان ،ایکسئین نشاد احمد خان ،عامر نذیر چوہدری ،ڈپٹی ڈائریکٹر ابرارقیوم ، اسسٹنٹ ڈائریکٹرزراجہ مظہر وحید ایڈوکیٹ ،ظفراقبال مغل ایڈوکیٹ، شمریز ملک ،سید انیب گیلانی ،جاوید گنائی ،ایم اینڈ ای آفیسر مختار قریشی ،ایم اینڈای آفیسر راولاکوٹ امجد صدیق ،محمد ابراہیم ،ممتاز سواتی ،ممتاز قریشی ،مدثرخان ، غلام سرور میر ،منیر احمد ،محمودمسکین ،ریحانہ عارف دیگر افسران بھی موجود تھے۔بعدازاں ڈپٹی چیئرمین ایرا بریگیڈئرابوبکرامین باجوہ کو سیکرٹری سیرا سردارمحمدفاروق تبسم کی جانب سے یادگاری سونیئر اورتحائف پیش کئے گئے ۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -